پاکستان
Time 18 نومبر ، 2017

دھرنے کے شرکا درمیانی راستہ اپنائیں، مفتی منیب کی اپیل

کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیرمین مفتی منیب الرحمان نے اسلام آباد دھرنے کے شرکا سے درمیانی راستہ اپنانے کی اپیل کردی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے اسلام آباد دھرنے کے حوالے سے کہا کہ ختم نبوت قانون بحال ہونے پردھرنے کی قیادت مطمئن ہے لیکن دھرنے کی قیادت چاہتی ہے کہ قانون میں ترمیم کرنے والے ذمےداروں کا تعین کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے کے باعث لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے لہٰذا مظاہرین سے اپیل ہے کہ وہ درمیانی راستہ اپنائیں کیونکہ دھرنے کا طول پکڑنا کسی کے مفاد میں نہیں۔

مفتی منیب الرحمان نے مطالبہ کیا کہ حکومت مذاکرات سے مسئلہ حل کرے اور بااختیار وفد دھرنے والوں سے مذاکرات کرے، شرکا کے مطالبات کو زیادہ سے زیادہ پورا کیا جائے تاکہ وہ اپنے لوگوں کو مطمئن کرسکیں۔

یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں مذہبی جماعت کی جانب سے 13 روز سے دھرنا جاری ہے جس سے جڑواں شہروں کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :