دنیا
Time 18 نومبر ، 2017

لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعودی عرب سے پیرس پہنچ گئے

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے لبنان کے مستعفی وزیراعظم کا استقبال کیا — فوٹو : اے ایف پی

لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد حریری سعودی عرب سے فرانس پہنچ گئے جہاں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ان کا استقبال کیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعد حریری نے 4 نومبر کو سعودی عرب سے اچانک وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا تھا اور تب سے وہ ریاض میں ہی مقیم تھے۔ گزشتہ دنوں فرانسیسی صدر سعودی عرب کے دورے پر پہنچے تھا جہاں انہوں نے سعد حریری سے بھی ملاقات کی تھی اور انہیں دورہ فرانس کی دعوت دی تھی۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے پیرس کے صدارتی محل میں سعد حریری کا استقبال کیا جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کا مختصر دور منعقد ہوا۔

سعد حریری کی اہلیہ اور ان کے دو بیٹوں کو بھی فرانس جانا تھا تاہم ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں ان کے امتحانات کی وجہ سے سعد حریری کے دو چھوٹے بیٹے فرانس نہیں جاسکے البتہ ان کی اہلیہ اور بڑا بیٹا ہمراہ تھے۔

فرانسیسی صدر کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ وہ لبنان کی موجودہ سیاسی صورتحال کو ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ سعد حریری لبنان کے وزیراعظم برقرار رہیں۔ میکرون نے سعد حریری کو فرانس میں سربراہ مملکت کا ہی پروٹوکول دیا۔

لبنان کے وزیراعظم مائیکل عون بھی سعد حریری کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کرچکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ جب تک وطن واپس نہیں آتے ان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا جائے گا۔

مائیکل عون نے کہا کہ فرانس پہنچنے کے بعد انہوں نے سعد حریری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور سعد حریری نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ بدھ سے شروع ہونے والی لبنان کے یوم آزادی کی تقریبات سےقبل وطن واپس آجائیں گے۔

یاد رہے کہ سعد حریری نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ لبنان میں ان کی جان کو خطرہ ہے اور لبنان کی تنظیم حزب اللہ کا ملک پر اثر و رسوخ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے لبنان کے اندرونی معاملات پر ایران کی مداخلت پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔

مزید خبریں :