پاکستان
Time 18 نومبر ، 2017

پاکستان کا بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے پر بھارتی ڈی جی ایم او سے احتجاج

راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کے معاملے پر پاک بھارت ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا جس میں بھارت کو خدشات سے آگاہ کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطہ پہلے سے طے شدہ نہیں تھا۔

پاکستانی ڈی جی ایم او نے بھارتی فوج کو نیزہ پیر،چری کوٹ اور بٹل سیکٹر پر حال ہی میں بے گناہ شہریوں کونشانہ بنانے سے متعلق آگاہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی ڈی جی ایم او کو بتایا گیا کہ بھارت جان بوجھ کر نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے اور بھارتی فوج کا یہ عمل غیر اخلاقی اور غیر پیشہ ورانہ ہے۔

پاک فوج کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے نہ صرف بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع ہورہی ہیں بلکہ یہ انتہائی خطرناک بھی ہیں اور اس کا ناقابل برداشت رد عمل بھی سامنے آسکتا ہے۔

خیارل رہے کہ گزشتہ روز کنٹرول لائن پر شہری آباد کو نشانہ بنانے پر پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بھی دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا تھا۔

مراسلے میں کہا گیا تھا کہ بھارت نے رواں سال 1300 سے زائد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف وزری کی جس کے نتیجے میں 52 شہری شہید اور 170 افراد زخمی ہوئے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ بھارتی حکومت 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے اور ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے گریز کرے۔

خیال رہے کہ چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی گولہ باری سے دو شہری شہید ہوئے تھے۔

مزید خبریں :