پاکستان
Time 19 نومبر ، 2017

کوئٹہ میں دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سرچ آپریشن، گھر گھر تلاشی

کوئٹہ کے علاقے نیو پشتون آباد اور ملحقہ علاقوں میں پولیس اور فرنٹیئر کور(ایف سی) نے گھر گھر تلاشی شروع کردی۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور ایف سی کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر تصور ستار نے مشترکہ میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ پشتون آباد کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے جس میں مقامی عمائدین اور لیڈی ڈاکٹروں کی خدمات بھی حاصل ہیں۔

ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق سرچ آپریشن آج غروب آفتاب سے قبل مکمل کرلیا جائے گا جس میں ایف سی کی مدد اور تعاون حاصل ہے جب کہ سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ گزشتہ روز کلی دیبہ میں سرچ آپریشن کے دوران مقامی لوگوں نے مزاحمت کی تھی، کمیونٹی کی شرکت کے بغیر آپریشن نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ کوئٹہ کے سارے علاقوں کو تحفظ فراہم کریں، دہشت گردی کی کارروائیوں سے نمٹنا چیلنج ہے، ہم نے اس طرح کے مزید سرچ آپریشن کی پلاننگ کی ہوئی ہے۔ 

خیال رہے کہ 15 نومبر کو کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایس پی سٹی انویسٹی گیشن محمد الیاس، ان کی اہلیہ، بیٹا اور پوتا شہید ہو گئے تھے۔

اس سے قبل 9 نومبر کو کوئٹہ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی) موٹر ٹرانسپورٹ اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن حامد شکیل سمیت 3 اہلکار شہید ہوئے تھے۔

مزید خبریں :