پاکستان
Time 19 نومبر ، 2017

تربت میں قتل 5 افراد کی میتیں آبائی علاقے گجرات روانہ

بلوبچستان کے علاقے تربت میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے 5 افراد:جیو نیوز فوٹو

بلوچستان کے علاقے تربت سے ملنے والی مزید 5 افراد کی لاشیں کراچی سے لاہور منتقل کردی گئیں جس کے بعد انہیں آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔ 

بیرون ملک جانے والے بدقسمت پانچوں افراد کی لاشیں تربت کے علاقے تاجبان سے ملی تھیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا جب کہ مقتولین کا تعلق گجرات سے ہے۔

تمام لاشوں کو تربت سے کراچی منتقل کیا گیا جہاں غسل اور کفن کے بعد انہیں جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے بذریعہ پی آئی اے کی فلائٹ 302 سے صبح آٹھ بجے لاہور روانہ کیا گیا۔

لاہور ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد مقتولین کی لاشیں بذریعہ سڑک گجرات روانہ کردی گئی ہیں۔ 

 یورپ جانے کے خواہش مند پانچوں افراد میں 22 سالہ دانش علی ، 23 سالہ قاسم عباس اور 20 سالہ ثاقب علی کا تعلق گاؤں کھوڑی رسول پور سے ہے جب کہ 24 سالہ عثمان قادر کا ملک پور اور 25 سالہ بدر منیر کا تعلق کسوکی سے ہے۔

اہل خانہ کے مطابق پانچوں نوجوان دوست تھے اور 20 روز قبل بغیر بتائے گھر سے نکلے تھے۔

18 روز قبل پانچوں نوجوانوں نے اپنے اپنے گھر پر فون کرکے بتایا تھا کہ وہ ایجنٹ کے ذریعے جرمنی جارہے ہیں لیکن ایجنٹ انہیں جھانسہ دے کر فرار ہوگیا جنہیں دہشت گردوں نے تربت میں فائرنگ کر کے ہلاک کیا۔

دوسری جانب پانچوں نوجوانوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک لے جانے کا جھانسہ دینے والوں کے خلاف ایف آئی نے کارروائی شروع کردی ہے۔

رواں ہفتے تربت سے لاشیں ملنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل 15 نومبر کو تربت کے علاقے بلیدہ سے 15 افراد کی لاشیں ملی تھیں جن کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے تھا۔

ایف آئی اے نے تربت کے علاقے بلیدہ میں قتل ہونے والے 15 میں سے 4 نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے کا اہتمام کرنے والے 3 ایجنٹوں کو  سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سے گرفتار کیا تھا۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (  آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ تربت میں ایف سی کے خفیہ آپریشن کے دوران 15 افراد کے قتل میں ملوث دہشت گرد یونس توکلی کو مقابلے کے بعد ہلاک کردیا گیا۔


مزید خبریں :