پاکستان
Time 19 نومبر ، 2017

تربت واقعہ، انسانی اسمگلر کوئٹہ سے گرفتار

گوجرانوالہ: بلوچستان کے علاقے تربت سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہلاکت کے واقعے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلروں کے ملزم کو کوئٹہ سے گرفتار کرلیا ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس نے بتایا کہ ملزم صادق انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک میں طالب کے نام سے جانا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم صادق کوئٹہ سے لوگوں کو غیر قانونی طریقے سے ایران لے کر جاتا اور خود کو ایرانی ظاہر کرتا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تربت واقعے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کوئٹہ میں صادق کے ہی پاس تھے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل تربت کے علاقے بلیدہ سے 15 اور تاجبان سے 5 افراد کی لاشیں ملی تھیں جن کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے تھا جب کہ مقتولین بیرون ملک جانے کے خواہشمند تھے۔

ایف آئی اے نے 17 نومبر کو بلیدہ میں قتل ہونے والے 15 میں سے 4 نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے کا اہتمام کرنے والے 3 ایجنٹوں کو سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سے گرفتار کیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ تربت میں ایف سی کے خفیہ آپریشن کے دوران 15 افراد کے قتل میں ملوث دہشت گرد یونس توکلی کو مقابلے کے بعد ہلاک کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلے میں مارا گیا دہشت گرد بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے 8 بڑے کمانڈرز میں سے ایک تھا جو سانحہ تربت میں بھی ملوث تھا۔

مزید خبریں :