دنیا
Time 19 نومبر ، 2017

زمبابوے کے عوام فوج سے خوش صدر سے ناراض کیوں ہیں؟

موگابے اور ان کی اہلیہ کی شاہانہ طرز زندگی کی تفصیلات سامنے آگئیں— فائل فوٹو

ہرارے: زمبابوے کے عوام فوج سے خوش اور اپنے صدر رابرٹ موگابے سے تنگ کیوں ہیں اور انہیں عہدے سے کیوں ہٹانا چاہتے ہیں اس کی وجہ سامنے آگئی۔

جیو نیوز کے مطابق 37 سال تک عہدہ صدارت پر براجمان رہنے والے رابرٹ موگابے اور ان کا خاندان عوام کے خون پسینے کی کمائی سے عیش و عشرت کی زندگی گزارتا رہا ہے۔

موگابے اور ان کے خاندان کے دنیا بھر میں کی جانے والی عیاشیوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔37 سال ملکی خزانے اور عوام کے پیسوں پر عیش کرنے والے صدر موگابے کے خاندان نے دنیا بھر میں پرتعیش گھر، کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں، ہیرے کی انگوٹھیاں، گھڑیاں، جوتے اور لباس بنائے۔

قیمتی ترین شاپنگ کے لیے مشہور صدر موگابے کی اہلیہ گریس موگابے نے ایک وقت میں ایک لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ تک کی بھی شاپنگ کی۔

موگابے کی اہلیہ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ انہوں نے دو لاکھ پاؤنڈ مالیت کا ہیرا اپنے اسکارف پر سجایا، بیٹے نے تین لاکھ پاؤنڈ کی رولز رائس گاڑی لی اور بیٹی کی شادی پر 30 لاکھ پاؤنڈ خرچ کیے گئے جبکہ زمبابوے میں ہر دس میں سے سات افراد خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

خیال رہے کہ زمبابوے کی حکمراں جماعت نے صدر رابرٹ موگابے کو پارٹی کی صدارت سےہٹادیا ہے جبکہ ان کی اہلیہ کو پارٹی کے ویمن ونگ کی سربراہی سے برطرف کردیا گیا ہے اور ان سے استعفے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔

زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں ہزاروں افراد صدر موگابے کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں اور ویڈیو فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ فوج کے حق میں نعرے لگارہے ہیں اور فوجی اہلکاروں کو کندھوں پر اٹھا کر جشن منارہے ہیں۔ صدر موگابے سے چھٹکارہ دلانے پر زمبابوے کے عوام فوج کی شکرگزار نظر آتی ہے۔

مزید خبریں :