پاکستان
Time 20 نومبر ، 2017

وزیراعظم نے پورٹ قاسم پر دوسرے ایل این جی ٹرمینل کا افتتاح کردیا

کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پورٹ قاسم پر دوسرے ایل این جی ٹرمینل کا افتتاح کردیا۔

پورٹ قاسم پر دوسرا ایل این جی ٹرمینل 50 ارب روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا جب کہ ٹرمینل پر پہلا ایل این جی جہاز لنگر انداز ہوگیا ہے۔

ایل این جی ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے جو بھی منصوبہ شروع کیا اسے تکمیل تک پہنچایا ہے، جب حکومت سنبھالی تو ملک میں توانائی کا شدید بحران تھا، بجلی کی قلت کے باعث صارفین اور صنعتیں متاثرہورہی تھیں، کھاد کے کارخانے اور گھریلو صارفین کو گیس کی کمی کا سامنا تھا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ توانائی چیلنجز پر قابو پانےکے لیے اقدامات کررہے ہیں، گیس سےچلنے والےتین بجلی گھر جلد کام شروع کردیں گے جب کہ دوسرے ایل این جی ٹرمینل کی تنصیب سے ہمیں وافر مقدار میں گیس میسر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں گیس سے چلنےوالے مزید بجلی گھربھی لگ رہے ہیں، توقع ہے کہ ملک میں مزید ایل این جی ٹرمینلز لگیں گے، ایل این جی ٹرمینل میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں، حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ ریگولیٹری فریم ورک فراہم کرناہے، آئندہ 3 سال میں ایل این جی کی طلب 30 ملین ٹن سے تجاوز کرجائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ایل این جی ٹرمینل اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کررہے ہیں، پاکستان گیس پورٹ کنسورشیم کے تعاون سے ٹرمینل لگایا گیا ہے، کنسورشیم میں چین،جاپان اور یورپ کی کمپنیاں شامل ہیں۔

مزید خبریں :