کھیل
Time 20 نومبر ، 2017

'پاکستان میں 2 سے 3 سال میں انٹرنیشنل کرکٹ مکمل بحال ہوجائے گی'

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے ڈائریکٹر آپریشنز ہارون رشید کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 سال میں پاکستان میں مکمل طور پر انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوجائے گی۔ 

اسپورٹس فیڈریشنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے دوران ہارون رشید نے بریفنگ دی۔ 

اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر آپریشنز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو رہی ہے جب کہ سیکیورٹی سے متعلق کرکٹ فیڈریشن آف کرکٹ ایسوسی ایشن (فیکا) کے تمام تحفظات دور کردیے ہیں۔

ہارون رشید نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہوم سیریز کے لئے مختلف کرکٹ بورڈز کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور 2 سے 3 سال میں پاکستان میں مکمل طور پر انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوجائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کا ڈھانچہ بدلنے کا جائزہ لے رہے ہیں جس کے لئے کھلاڑیوں کی ملازمت کا تحفظ بھی ضروری ہے۔ 

سینیٹ کمیٹی نے 27 نومبر کو ہونے والے آئندہ اجلاس میں صوبائی وزرا اور سیکریٹریز کھیل کو بھی بریفنگ کے لئے طلب کرلیا۔

مزید خبریں :