کھیل
Time 20 نومبر ، 2017

آسٹریلوی کرکٹرز کو مزید ’’خطرناک‘‘ بنانے کیلئے یوسین بولٹ متحرک

وکٹ کے درمیان آسٹریلوی کرکٹرز کی دوڑنے کی صلاحیت مزید بہتر بنانے کے لیے دنیا کے تیز ترین ایتھلیٹ یوسین بولٹ کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔

آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ جمعرات سے برسبین میں شروع ہورہا ہے اور اس اہم سیریز سے قبل آسٹریلوی کھلاڑیوں کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے جمیکا سے تعلق رکھنے والے ریکارڈ ساز اسپرنٹر یوسین بولٹ کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ یوسین بولٹ 100 اور 200 میٹر کی دوڑ میں تیز ترین ایتھلیٹ ہونے کا ورلڈ ریکارڈ رکھتے ہیں اور وہ 8 مرتبہ اولمپک چیمپئن بھی بن چکے ہیں۔ اب وہ اپنی برق رفتاری کے گُر آسٹریلوی کھلاڑیوں کو سکھانے میں مصروف ہیں۔

دنیا کے تیز ترین انسان نے آسٹریلوی اخبار ’’ہیرالڈ سن‘‘ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ’’کرکٹ کے حوالے سے جو ایک بات میں نے نوٹس کی ہے وہ یہ ہے کہ کرکٹر کو ہر شعبے میں تباہ کن ہونا چاہیے اور میرا خیال ہے کہ جب بات دوڑنے کی آتی ہے تو کھلاڑیوں میں وہ بات نہیں ہوتی جو ہونی چاہیے‘‘۔

31 سالہ ریٹائرڈ ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے کہا کہ وہ اس بات کو اجاگر کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ بیٹنگ کے دوران بہتر طریقے سے دوڑنا بھی انتہائی اہم ہے۔

اس حوالے سے آسٹریلوی بیٹسمین پیٹر ہینڈز کومب کا کہنا ہے کہ یوسین بولٹ انہیں جو مشورے دے رہے ہیں وہ بہت مفید ہیں اور ہمیں اندازہ ہورہا ہے کہ کس طرح ہم مزید تیز بھاگ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد یوسین بولٹ کی توجہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو ٹریننگ فراہم کرنے پر مرکوز ہے اور انہیں فٹبال لیگ بنڈس لیگا میں بورشیا ڈارٹمنڈ کے کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کرنے کی بھی پیشکش ہوچکی ہے۔

مزید خبریں :