چین کے فارم میں 5 ٹانگوں والے بچھڑے کی پیدائش

فوٹو بشکریہ ایشیا وائر

بیجنگ: چین میں ایک کسان کے باڑے میں پیدا ہونے والے بچھڑے نے اسے حیران کردیا کیوں کہ اس کی چار نہیں بلکہ پانچ ٹانگیں ہیں۔

شمال مشرقی چین کے صوبے ہائی لانگ جیانگ کے شہر مولنگ میں اس انوکھے بچھڑے کی پیدائش ہوئی ہے جس کی دیگر بچھڑوں کی طرح چار نہیں بلکہ پانچ ٹانگیں ہیں۔

 بچھڑے کی چار ٹانگیں تو عام جانوروں کی طرح ہی ہیں تاہم اس کی پیٹھ پر کوہان کی جگہ پر ایک اضافی ٹانگ بھی موجود ہے۔

فارم کے مالک وو یوجیانگ کا کہنا ہے کہ اضافی ٹانگ کی وجہ سے بچھڑے کی صحت پر کوئی فرق نہیں پڑ رہا اور وہ دیگر بچھڑوں کی طرح نشونما پارہا ہے۔

یوجیانگ کا کہنا ہے کہ وہ اس بچھڑے کو کسی چڑیا گھر کے حوالے کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اسے دیکھ سکیں۔

جِین میں ہونے والی تبدیلی کو بچھڑے کی اضافی ٹانگ کی وجہ قرار دیا جارہا ہے جسے طبّی اصطلاح میں پولی میلیا کہا جاتا ہے۔

 ایسا اس وقت ہوتا ہے جب رحمِ مادر میں دو جنین (ایمبریو) بیک وقت نشونما پانا شروع کرتے ہیں تاہم ان میں سے ایک ابتدائی مراحل میں ہی مردہ ہوجاتا ہے اور جب پیدائش کا وقت آتا ہے تو وہ ایمبریو جو مکمل نشونما پاچکا ہوتا ہے وہ دوسرے ایمبریو کے کسی ایک عضو کے ساتھ دنیا میں آجاتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مختلف ملکوں میں پانچ ٹانگوں والے بچھڑے کی پیدائش ہوچکی ہے۔

مزید خبریں :