پدماوتی تنازع: دپیکا کا ایوانکا ٹرمپ کے دورہ بھارت پر کانفرنس میں شرکت سے انکار

بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون—۔فائل فوٹو

ایک طرف بالی وڈ فلم 'پدماوتی' کے خلاف انتہا پسند ہندوؤں کا احتجاج جاری ہے، وہیں فلم کی ہیروئن دپیکا پڈوکون نے امریکی دختر اول ایوانکا ٹرمپ کے دورہ بھارت کے دوران گلوبل انٹرپرینورشپ سمٹ (جی ای ایس) میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست تلنگانہ کے ایک سینئر حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ دپیکا نے ایونٹ کے شرکاء میں سے اپنا نام واپس لے لیا ہے، تاہم اس کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

واضح رہے کہ فلم 'پدماوتی' کے حوالے سے تنازع کھڑا ہونے سے قبل اداکارہ نے کانفرنس میں شرکت کی ہامی بھری تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ—۔فائل فوٹو

یہ کانفرنس رواں ماہ 28 نومبر کو ہوگی جس میں ایوانکا ٹرمپ کے ساتھ ساتھ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شرکت کریں گے۔

دپیکا نے سمٹ کے دوران ایک سیشن بعنوان 'ہالی وڈ سے نولی وڈ سے بولی وڈ: فلمسازی کا سفر' میں بطور اسپیکر شرکت کرنی تھی۔

واضح رہے کہ نائیجریا کی فلم انڈسٹری کو نولی وڈ (Nollywood) کے نام سے جانا جاتا ہے۔

پدماوتی تنازع

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ شوٹنگ سے ہی تنازعات کا شکار ہے، جس پر بھارتی ریاست راجھستان میں سرگرم تنظیم شری راجپوت کرنی سینا نے تاریخی حقائق مسخ کرکے پیش کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

بعدازاں انتہا پسندوں کی جانب سے فلم کی ہیروئن دپیکا پڈوکون کی ناک کاٹنے کا اعلان کیا گیا اور پھر انتہا پسند لیڈر ٹھاکر ابھیشیک سوم نے دپیکا اور سنجے لیلا بھنسالی کے سر کی قیمت بھی 5 کروڑ مقرر کردی۔

دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی اور بجرنگ دل کی حمایت کے بعد انتہا پسندوں نے اداکاروں کے حق میں بیان دینے والوں کو بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

ان تمام تنازعات کے بعد فلم ’پدماوتی‘ کی یکم دسمبر کو ہونے والی نمائش ملتوی کردی گئی، لیکن بھارتی انتہا پسند ہندوؤں کا غصہ کم نہ ہوا اور ریاست ہریانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے چیف میڈیا کوآرڈینیٹر سورج پال امو نے اداکارہ دپیکا پڈوکون اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کا سر قلم کرنے والے کو 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔

اور صرف یہی نہیں، فلم میں مسلمان حکمران علاؤ الدین خلجی کا کردار ادا کرنے پر رنویر سنگھ کی ٹانگیں توڑنے کی دھمکی بھی دے ڈالی۔

دوسری جانب بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی ریاستی حکومت نے فلم ’پدماوتی‘ کی نمائش پر پابندی عائد کردی۔

ریاستی وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ فلم پدماوتی میں حقائق مسخ کیے گئے اور تاریخ کومسخ کیا جانا کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ میں دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

مزید خبریں :