پاکستان
Time 21 نومبر ، 2017

سادھوکی میں ایف آئی اے کی کارروائی، 7 انسانی اسمگلر گرفتار

فوٹو: فائل

ایف آئی اے نے سادھوکی میں کارروائی کرتے ہوئے 7 انسانی اسمگلرز گرفتار کرلیے جب کہ دوسری کارروائی میں گجرات سے گرفتار انسانی اسمگلر سہیل شکیل کے ایک سہولت کار کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

جیونیوز کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ سیل نے سادھوکی میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک بڑے گروہ کو گرفتار کر لیا جن میں 7 انسانی اسمگلروں میں سے 4 کا تعلق بلوچستان سے ہے۔

ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد انیس کےمطابق ملزمان کے قبضے سے 142 پاکستانی پاسپورٹ، دیگر دستاویزات اور جدید الیکٹرانک مشینیں برآمد ہوئی ہیں۔

 ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ملزمان پاکستان، ایران اور عراق سے انسانی اسمگلنگ کے ذریعے شہریوں کو یورپ بھجواتے تھے جب کہ دوران تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ گروہ کا مرکزی ملزم حسنین تربت فائرنگ واقعہ میں ملوث ایک مفرور ملزم اختر میو سے رابطے میں تھا۔

دوسری جانب ایف آئی اے نے ایک اور کارروائی میں گجرات سے ایک ملزم قیصر منیر کو بھی گرفتار کیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق قیصر منیر گزشتہ روز گرفتار ہونے والے ملزم سہیل شکیل کا سہولت کار ہے  اور سہیل شکیل نے تربت میں مارے جانے والے پانچ افراد کو کوئٹہ بھجوایا تھا۔

مزید خبریں :