کاروبار
Time 21 نومبر ، 2017

پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت کیلئے فرانسیسی کمپنی کا اماراتی گروپ سے معاہدہ

پاکستان میں گاڑیوں کی تیاری اور فروخت کے لیے فرانسیسی کار کمپنی رینالٹ اور متحدہ عرب امارات کے الفطیم گروپ کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔

گاڑیوں کی اسمبلنگ کراچی میں قائم کیے جانے والے نئے اسٹیٹ آف دی آرٹ پلانٹ میں کی جائے گی۔ دونوں کمپنیوں کے درمیان پیرس میں طے پانے والے معاہدے کی رو سے رینالٹ گروپ پاکستان میں میں اپنی جدید مصنوعات اور تکنیکی مہارت لے کر آئے گا جبکہ الفطیم گروپ اپنی نئی ذیلی کمپنی الفطیم آٹوموٹیو پاکستان (پرائیوٹ) لمیٹڈ کے ذریعے کراچی میں نیا مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ پلانٹ قائم کرے گا اور ملک بھر میں رینالٹ گاڑیوں کی ڈسٹری بیوشن سرانجام دے گا۔

کراچی میں پلانٹ کی تعمیر کا کام سال 2018ءکی پہلی سہ ماہی میں شروع ہوگا اور گروپ رینالٹ کے معیارات کے مطابق گاڑیوں کی فروخت کا عمل 2019ء میں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جسے 2020ء تک مزید تیز کردیا جائے گا۔

رینالٹ گروپ کے سینئر نائب صدر ، چیئر مین برائے افریقہ ، مشرق وسطیٰ و انڈیا ریجن فیبرس کیمبالیو کا کہنا ہے کہ ’’ہماری کوشش ہے کہ ہم پاکستان کے صارفین تک اپنی جدید ترین مصنوعات اور ٹیکنالوجی پہنچائیں اور مارکیٹ میں تحفظ اور اعلیٰ معیار کے نئے درجات قائم کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الفطیم آٹو موٹیو کے صدر لین ہنٹ نے کہا کہ پاکستان20 کروڑ کی آبادی والا ایک اہم ملک ہے اورایک متحرک مڈل کلاس سے مزین ہے۔ ہم پاکستان کی معیشت میں رینالٹ گروپ کو متعارف کرانے پر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گروپ رینالٹ گاڑیاں بنانے والی دنیا کی بہترین کمپنیوں میں سے ایک ہے اور یورپ کی صف اول کی کمپنی ہے جو اب پاکستان میں اپنی مصنوعات متعارف کروارہی ہے۔ ہم پاکستان کے آٹو سیکٹر اور صارفین کے لیے حقیقی ویلیو ایڈیشن کرنے کی کوشش کریں گے اور پاکستان میں عالمی سطح کی تنظیم بنانے کی بھرپورکوشش کریں گے۔

مزید خبریں :