دنیا
Time 21 نومبر ، 2017

شام میں دہشتگردی کے خلاف جنگ آخری مراحل میں پہنچ چکی، پیوٹن

شامی صدر بشار الاسد نے سوچی میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی — فوٹو: اے ایف پی

شام کے صدر بشار الاسد نے روس کے شہر سوچی میں اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق شام میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں پر پیوٹن نے شامی صدر کو مبارکباد دی۔ پیوٹن بدھ 22 نومبر کو سوچی میں ترک اور ایرانی صدور سے بھی ملاقات کریں گے۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں شام کے معاملے پر بات ہوئی ،پیوٹن کا کہنا تھا کہ شام میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے اور دہشت گردوں کو وہاں عبرت ناک شکست ہوگی۔

پیوٹن نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں شام کے ساتھ روسی فوج کا تعاون خاتمے کے قریب ہے، روسی فوج نے شام کو بچالیا، شام میں صورتحال کو مستحکم کرنے کے لیے کافی کچھ کیا جاچکا ہے اور اب وہاں سیاسی عمل کو آگے بڑھانا ہمارے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے بعد شام میں سیاسی عمل کو جاری رکھنا اہم مسئلہ ہے اور وہ اس سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

روسی صدر نے ارادہ ظاہر کیا کہ وہ شام کے معاملے پر قطر کے امیر ،امریکی صدر اور دیگر علاقائی ملکوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

مزید خبریں :