دنیا
Time 21 نومبر ، 2017

ایران نے داعش کے خلاف فتح کا اعلان کردیا

ایران کے صدر حسن روحانی نے شام اور عرق میں داعش کے خلاف فتح کا اعلان کردیا۔

ایک ٹی وی خطاب کے دوران حسن روحانی نے تمام جنگجوؤں، آیت اللہ خامنہ ای اور شام و عراق کی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس گروہ کا خاتمہ ہو گیا ہے جس نے گناہ، تناہی اور خونریزی کے سوا کچھ نہیں دیا۔

حسن روحانی نے ایران کی پاسداران انقلاب اور اس کی غیر ملکی ونگ القدس فورس کو بھی شاندار فتح کی مبارکباد دی اور کہا کہ اصل کام تو شام، عراق اور لبنان کی عوام اور وہاں کی مسلح فورسز نے مکمل کیا ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ہم نے تو صرف اپنی اسلامی اور مذہبی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ان کی مدد کی ہے۔

ایرانی میڈیا کی جانب سے القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی شام کی سرحد پر تصاویر دکھائی گئیں اور کہا گیا کہ انہوں نے بذات خود اس آپریشن کی ہدایت دیں جس کے ذریعے سے شدت پسند تنظیم کے زیر اثر آخری گڑھ کو بھی دوبارہ حاصل کیا گیا۔

ایران کی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں قاسم سلیمانی نے داعش کے خلاف فتح کا اعلان کرتے ہوئے حسن روحانی کو مبارکباد پیش کی اور شدت پسند تنظیم کے خاتمے کا اعلان بھی کیا۔

خیال رہے کہ ایران کا شمار شام کے صدر بشار الاسد کی مکمل حمایت کرنے والے صف اول کے ممالک میں ہوتا ہے اور تہران نے ہزاروں کی تعداد میں رضاکار داعش کے خلاف جنگ کے لیے شام اور عراق میں بھیج رکھے ہیں۔

عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے 2014 میں عراق اور شام کے بڑے حصے پر قبضہ کر کے اپنی نام نہاد خلافت قائم کر رکھی تھی، جو اب شکست کھا چکی ہے اور چند ایک مقامات پر باقی رہ گئی ہے۔

مزید خبریں :