'جیو ٹی وی' کے میگا سیریل ”خانی“ نے دھوم مچادی

عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی نگرانی میں سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے تحت بننے والے میگا ڈرامہ سیریل”خانی“ نے پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ پر آن ایئر ہونے کے بعد دھوم مچادی ہے۔ 

شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے ڈرامے "محبت تم سے نفرت ہے"کے اختتام کے بعد ناظرین نے میگا سیریل 'خانی' سے جو امیدیں وابستہ کی تھیں اب وہ پوری ہوتی نظر آرہی ہیں کیونکہ 'خانی' واحد سیریل ہے جو حالیہ دِنوں ریٹنگز چارٹ پر بھی سب سے نمایاں رہا۔ 

یہ واضح اشارہ ہے کہ سیریل کی کہانی بہت تیزی کے ساتھ لوگوں کے دِلوں میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑھ رہی ہے۔ 

خانی کی ہدایات ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر انجم شہزاد نے دی ہیں جبکہ ”اسما نبیل “ نے ڈرامے کی کہانی اتنی عمدگی سے تخلیق کی ہے کہ ہر گزرتی قسط ناظرین کو نئے تجسس میں مبتلا کردیتی ہے۔ 

اب تک اس سیریل کی صرف تین اقساط نشر کی گئی ہیں لیکن اس کی کہانی کے چرچے زبان زد عام ہیں، ڈرامے میں کئی ایسے موڑ ہیں جو کہانی دیکھنے والوں کو آہستہ آہستہ جذبات کے سمندر میں بہا لے جارہے ہیں۔ 

سیریل کے مرکزی کردار ثنا جاوید اور فیروز خان کی جاندار اداکاری اور اِن کی نئی جوڑی کو بھی بے حد پسند کیا جارہا ہے جب کہ دیگر کرداروں میں محمود اسلم، صنم انصاری، قوی خان، سلمیٰ حسن ، راشد فاروقی، محمد علی، سیمی پاشا، شہزاد ملک اور شانزے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کی آواز میں ریکارڈ کئے گئے ”خانی“ کے ٹائٹل گیت کو تو مقبولیت کی سند پہلے ہی مل چکی ہے۔ 

ڈرامے کی کہانی مرکزی کردار ”صنم خان“ نامی لڑکی کے گرد گھوم رہی ہے جسے پیار سے ”خانی“ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ 

عشق ، محبت، سازش اور لالچ کے ساتھ خانی کی ہمت و بہادری بھی سیریل میں نمایاں نظر آرہی ہے، میگا سیریل ”خانی“ ہر پیر کی رات 8 بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر کیا جاتا ہے۔

نوٹ: یہ خبر 22 نومبر کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی ہے۔

مزید خبریں :