پاکستان
Time 23 نومبر ، 2017

کراچی: نمائش چورنگی پر مذہبی جماعت کا دھرنا پانچویں روز میں داخل

نمائش چورنگی پر مذہبی جماعت کا دھرنا پانچویں روز بھی جاری—۔فائل فوٹو/ پی پی آئی

کراچی: شہرِ قائد کے علاقے نمائش چورنگی پر مذہبی جماعت 'تحریک لبیک یارسول اللہ' کے تحت احتجاجی دھرنا پانچویں روز میں داخل ہوگیا۔

دوسری جانب دھرنے کے شرکاء نے نمائش سے صدر جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 'تحریک لبیک یارسول اللہ' کے تحت  رواں ماہ 19 نومبر کو نمائش سے تبت سینٹر تک احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم شرکاء نے نمائش چورنگی پر ہی دھرنا دے دیا۔

دھرنے کے پانچویں روز ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے سبب شرکاء صبح گئے سڑک کے بیچ سے ہٹ کر سڑک کنارے پر آگئے اور نمائش سے صدر جانے والی سڑک کو ٹریفک کےلیے کھول دیا گیا جبکہ لگائی گئی رکاوٹیں بھی ہٹا دی گئیں۔

دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ جب تک اسلام آباد میں دھرنا جاری ہے تب تک کراچی میں بھی دھرنا جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد-راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد انٹرچینج پر ایک مذہبی و سیاسی جماعت 'تحریک لبیک'کی جانب سے دیئے گئے دھرنے کو دو ہفتے سے زائد ہوگئے ہیں، جس میں وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

مذہبی و سیاسی جماعت نے یہ دھرنا ایک ایسے وقت میں دیا جب رواں برس اکتوبر میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترامیم منظور کی تھیں، جس میں 'ختم نبوت' سے متعلق شق بھی شامل تھی، لیکن بعد میں حکومت نے فوری طور پر اسے 'دفتری غلطی' قرار دے کر دوسری ترمیم منظور کرلی تھی۔

شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے دھرنا ختم کرانے کے احکامات کے باوجود وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ فیض آباد انٹرچینج کو مظاہرین سے خالی نہیں کروا سکی، جس پر سپریم کورٹ نے بھی صورتحال کا نوٹس لیا تھا۔

مزید خبریں :