'چاکلیٹی ہیرو' وحید مراد کو بچھڑے 34 برس بیت گئے

وحید مراد—۔ فائل فوٹو

لالی وڈ کے معروف اداکار اور فلم ساز وحید مراد کو مداحوں سے بچھڑے 34 برس بیت گئے۔

'چاکلیٹی ہیرو' کا خطاب پانے والے وحید مراد پاکستانی فلمی تاریخ کے وہ اداکار ہیں جنہیں سب سے زیادہ شہرت، عزت اور محبت حاصل ہوئی۔

وحید مراد کراچی میں 2 اکتوبر 1938 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے جامعہ کراچی سے انگریزی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔

وحید مراد نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1959 میں فلم 'ساتھی' سے کیا جس میں انہوں نے مختصر کردار ادا کیا، تاہم انہوں نے باقاعدہ فلمی سفر کی شروعات 1962 میں فلم 'اولاد' سے کی جس میں انہوں نے بطور معاون اداکار کام کیا ۔

وحید مراد نے 1964 میں فلم 'ہیرا اور پتھر' پروڈیوس کی جس میں انہوں نے پہلی بار مرکزی کردار نبھایا اور اپنے نہایت منفرد، شرارتی اور رومانوی انداز سے تمام مداحوں کے دلوں میں گھر کرلیا۔

انہوں نے اپنے 30 سالہ فلمی کیریئر میں پاکستان کو کئی مشہور فلمیں دیں جن میں فلم 'ارمان'، 'دیور بھابھی'، 'درپن'، 'دوراہا'، 'جہاں تم وہاں ہم'، 'انجمن 'اور 'اولاد' جیسی متعدد فلمیں شامل ہیں۔

انہوں نے متعدد ایوارڈز بھی اپنے نام کیے جب کہ مشہور نگار ایوارڈز میں انہیں بہترین فلم ساز اور بہترین اداکار قرار دیا گیا۔

1996 میں ریلیز ہونے والی وحید مراد کی مشہور فلم 'ارمان'کا ایک منظر—۔

وحید مراد نے پاکستان کے نامور اداکاروں کے ساتھ کام کیا جن میں خوبرو اداکارہ زیبا بختیار، شبنم اور اداکار ندیم اور دلیپ کمار شامل ہیں۔

ان پر فلمائے گئے گانے بھی کافی مشہور ہوئے جن میں 'کوکو کورینا'، 'اکیلے نہ جانا'، 'مجھے تم نظر سے گرا تو رہے ہو'،  'اے ابرے کرم آج اتنا برس' آج تک لوگوں کے لبوں پر ہیں۔ 

انہوں نے اپنی وجیہہ شخصیت اور مخصوص ہیئر اسٹائل سے ہر کسی کو اپنا گرویدہ بنالیا تھا۔

وحید مراد 23 نومبر 1983 کو دنیا فانی سے کوچ کرگئے لیکن ان کی یادیں آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

مزید خبریں :