پاکستان
Time 23 نومبر ، 2017

’پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغانستان کے ’را‘ سے روابط کے ثبوت ہیں‘

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہےکہ پاکستان کے خلاف دہشتگردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے افغانستان سے روابط کے ثبوت موجود ہیں۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے پاک چین تذویراتی مذاکرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری خارجہ کی چینی ہم منصب سے افغانستان اوردیگر امور پرتبادلہ خیال ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کپواڑہ اور دیگرعلاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارت کے نہتے کشمیریوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج کی غیرقانونی کارروائیاں جاری ہیں اور آپریشنز میں 12 کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی پربھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنرکوطلب کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف دہشتگردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے افغانستان سے روابط کے ثبوت موجود ہیں، پاکستان نے’را‘ کی سرگرمیوں کا معاملہ افغان حکام کے ساتھ اٹھایا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کلبھوشن یادیو کے حوالے سے بتایا کہ بھارت کی جانب سے کلبھوشن کی اہلیہ کی ملاقات کا جواب موصول ہوگیا ہے جس میں بھارت نے کلبھوشن کی والدہ کی بھی ملاقات کرانے کی درخواست کی ہے۔

ترجمان نے بھارت کی جانب سے میڈیکل ویزے کا حصول تقریباً ناممکن بنا دینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل ویزے کا اجرا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا جانا چاہیے۔

ڈاکٹر فیصل نے دوران بریفنگ حال ہی میں امریکی کانگریس کی جانب سے منظور ہونے والے بل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ بل میں پاکستان کو اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں مشروط ادائیگیوں کا ذکر ہے۔

مزید خبریں :