دنیا
Time 23 نومبر ، 2017

اسپین میں پارک ملالہ کے نام سے منسوب

علاقے کے میئر اینٹونیو کیولاس نے پارک کی تقریب افتتاح میں شرکت کی—۔فوٹو/ بشکریہ ٹوئٹر

اسپین کے شمال مغربی علاقے کیوبیلوس ڈیل سل (Cubillos del Sil) کے ایک پارک کو نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی کے نام سے منسوب کردیا گیا۔

اسپین کی نیوز ویب سائٹ بیئززو ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا آغاز 2 سال قبل کیا گیا، جب اسکول کے 12 سالہ طلبہ نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے ایک سرگرمی میں حصہ لیا۔

رپورٹ کے مطابق سرگرمی کے دوران بچوں نے محسوس کیا کہ اس علاقے میں کسی خاتون کے نام پر کوئی سڑک مخصوص نہیں، جس کے بعد اسکول نے سٹی کونسل کو اس حوالے سے لکھا اور مطالبہ کیا کہ کسی خاتون کے نام پر کوئی جگہ منسوب کی جائے۔

کونسل نے بچوں کو ایک مخصوص جگہ دی اور ان سے پوچھا کہ وہ کس کے نام پر اسے منسوب کرنا چاہیں گے، جس پر انہوں نے پارک کو ملالہ یوسفزئی کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا۔

علاقے کے میئر اینٹونیو کیولاس نے پارک کی تقریب افتتاح میں شرکت کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت مناسب جگہ ہے، جہاں بچوں کو کھیل کود اور تفریح کے مواقع دستیاب ہوں گے۔


سوات میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے آواز بلند کرنے پر ملالہ یوسفزئی پر 2012 میں  کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں علاج کے لیے بیرون ملک منتقل کردیا گیا۔

 ملالہ کو 2014 میں نوبیل امن انعام سے نوازا گیا، وہ عالمی سطح پر لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کوشاں ہیں۔

اگست 2017 میں ملالہ نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لیا، جہاں وہ فلسفہ، سیاسیات اور معاشیات کے مضامین پڑھ رہی ہیں۔


مزید خبریں :