دنیا
Time 23 نومبر ، 2017

سعودی عرب پہلا سیاحتی ویزہ 2018 میں جاری کرے گا

سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ برس غیر ملکیوں کو سیاحتی ویزے جاری کرنا شروع کردے گا۔

امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سعودی عرب کے کمیشن برائے سیاحت و قومی ورثہ کے سربراہ شہزادہ سلطان بن سلمان نے کہا کہ حکومت 2018 سے غیر ملکیوں کو سیاحتی ویزے بھی جاری کرے گی جس کا مقصد تیل پر معیشت کا انحصار کم سے کم کرنا ہے۔

اس وقت غیر ملکی شہری ملازمت کے سلسلے میں، وہاں موجود اپنے ملازمت پیشہ رشتے داروں سے ملاقات، بزنس کے سلسلے میں اور حج و عمرے کے لیے سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں اور غیر ملکیوں کو سیاحتی ویزے جاری نہیں کیے جاتے۔

تاریخی اعتبار سے سعودی عرب میں بہت سے ایسے مقامات موجود ہیں جن میں لوگ دلچسپی رکھتے ہیں اور انہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ شہزادہ سلطان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب 2018 میں ممکنہ طور پر پہلا سیاحتی ویزہ جاری کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب 2030 تک غیر ملکی وزیٹرز کی تعداد ایک کروڑ 80 لاکھ سالانہ سے بڑھا کر 3 کروڑ سالانہ تک پہنچانا چاہتا ہے جبکہ 2020 تک سیاحت کے شعبے میں 47 ارب ڈالر خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مملکت میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے حالیہ مہینوں میں متعدد نئے پروجیکٹس بھی لانچ کیے گئے ہیں جن میں ساحلوں پر تفریح کے خصوصی انتظامات اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔

شہزادہ سلطان نے بتایا کہ حکومت سیاحتی ویزے کے لیے درخواست دینے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے آن لائن ٹیکنالوجی استعمال کرے گی۔

مزید خبریں :