'پدماوتی' یکم دسمبر کو برطانوی سینماؤں میں ریلیز ہوگی

بھارت میں فلم 'پدماوتی' کی یکم دسمبر کو ہونے والی نمائش ملتوی کردی گئی ہے—۔پبلسٹی فوٹو

بالی وڈ کی تنازعات میں گھری فلم 'پدماوتی' کو برطانوی بورڈ آف فلم کلاسیفیکیشن 'بی بی ایف سی' نے یکم دسمبر کو برطانیہ میں ریلیز کرنے کی اجازت دے دی۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ بھارت میں فلم کی یکم دسمبر کو ہونے والی نمائش کو ملتوی کردیا گیا ہے، تاہم بی بی ایف سی کا کہنا ہے کہ فلم میں ایسا کوئی مواد نہیں جو کسی کے جذبات کو مجروح کرے، یہی وجہ ہے کہ اسے کلیئر قرار دیتے ہوئے فلم کو برطانیہ میں یکم دسمبر کو ہی ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بی بی ایف سی نے فلم کو 12 اے سرٹیفیکیٹ کے تحت کلیئر کیا جس کا مطلب فلم کو تھیٹر میں 12 سال تک کے بچے اپنے کسی بڑے کے ساتھ دیکھ سکتے ہیں۔


واضح رہے کہ فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی پر انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے فلم میں تاریخ کو مسخ کیا ہے۔

دوسری جانب فلم کی مرکزی اداکارہ دپیکا پڈوکون کو بھارتی انتہا پسندوں نے ناک کاٹنے اور جان سے ہا تھ دھو بیٹھنے کی دھمکیاں بھی دیں، جس کے بعد دپیکا کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے ،جب کہ حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما سورج پال امو نے سنجے لیلا بھنسالی اور دپیکا پڈوکون کے سرکی قیمت بھی 10 کروڑ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

فلم کی حمایت میں کئی بالی وڈ ستاروں نے اظہار خیال کیا، جن میں سلمان خان، شبانہ اعظمیٰ،کرن جوہر، شردھا کپور اور دیگر شامل ہیں۔

مزید خبریں :