پاکستان
Time 24 نومبر ، 2017

پی ٹی وی حملہ کیس: عمران خان کو تفتیش کیلئے پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی وی حملہ کیس سمیت دیگر 3 مقدمات میں عمران خان کو پولیس کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دیدیا۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دھرنے کے وقت عمران خان پر چار مقدمات درج کیے گئے تھے جن میں پی ٹی وی حملہ، پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی عصمت جونیجو تشدد کیس بھی شامل ہے۔

جمعہ کے روز چیرمین پی ٹی آئی کیس کی سماعت کے سلسلے میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے جہاں دوران سماعت عدالت نے عمران خان کو تفتیش کے لیے پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا۔

عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ پی ٹی وی حملہ، پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو کیس سمیت چاروں مقدمات میں عمران خان کا بیان ریکارڈ کیا جائے، عدلت نے کیس کی مزید سماعت 7 دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔

عمران خان کی میڈیا سے گفتگو

عدالت کےباہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سیاسی احتجاج کو دہشتگردی کی شکل دینا میرا منہ بند کرنےکی کوشش ہے، سیاسی لوگوں پردہشت گردی کا الزام لگایاجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میرا موازنہ نواز شریف سے نہ کریں، میرا موازنہ نوازشریف سے کرنا ایسا ہے جیسا سلطانہ ڈاکو سے موازنہ کرنا ہے، نوازشریف اپنے پیسے بچانے کے لیے اداروں پر حملے کررہے ہیں، نوازشریف ایک مجرم ہیں وہ بتائیں ان کے پیسے کیسے باہر گئے‘۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں، ہم ان کی عزت کریں، تمام جماعتوں نے کہا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے۔

مزید خبریں :