پاکستان
Time 25 نومبر ، 2017

اسلام آباد آپریشن کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں میں مظاہرے، حافظ آباد میں ایک شخص جاں بحق

اسلام آباد میں فیض آباد انٹر چینج پر احتجاجی مظاہرین کے خلاف آپریشن کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی بھی ہوئے۔

اسلام آباد میں پولیس اور ایف سی کی جانب سے احتجاجی مظاہرین کے خلاف آپریشن کا ردعمل لاہور میں بھی دیکھنے میں آرہا ہے جہاں شاہدرہ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی کو آگ لگا دی۔

پولیس نے شہر کی صورتحال کو مدنظررکھتے ہوئے داتا دربار کو زائرین کے لیے بند کردیا جب کہ امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کی نفری کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

لاہور میں ممکنہ احتجاج اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر مارکیٹوں کو بھی بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

حافظ آباد میں بھی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔

سیالکوٹ میں چند مظاہرین نے احتجاج کیا جہاں انہوں نے سمبڑیال میں ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی گئی تاہم پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر کردیا۔

فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں بھی احتجاج کیا گیا ہے جہاں مظاہرین نے مختلف سڑکیں بلاک کردیں۔

گوجرانوالہ میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے پولیس کا انسپکٹر زخمی ہوگیا۔

گجرات میں بھی مشتعل افراد نے تھانہ صدر کھاریاں میں گھس پر توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی۔ حملے میں کئی پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جب کہ آتشزدگی کے نتیجے میں تھانے کا ریکارڈ جل گیا۔

اس کے علاوہ قصور، اوکاڑہ شیخورہ، چیچہ وطنی اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں :