پاکستان
Time 26 نومبر ، 2017

کراچی میں احتجاج کے باعث اندرون ملک تیل کی سپلائی معطل

— فوٹو:فائل

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ پر مذہبی جماعت کے کارکنان کے احتجاج کے باعث اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی ہے۔

اسلام آباد میں جاری مذہبی جماعت کے دھرنے سے اظہار یکجہتی کے لئے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے جاری ہیں۔ 

کراچی، لاہور، پشاور سمیت کئی شہروں میں جگہ جگہ پر مظاہرین نے دھرنے دیئے ہوئے ہیں، کراچی میں سہراب گوٹھ کے مقام پر دھرنے کے باعث اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا امکان ہے۔

دھرنے کی وجہ سے کراچی کی مصروف ترین شاہراہ پاکستان پر آئل ٹینکروں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

ترجمان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ پر دھرنے کی وجہ سے اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی جب کہ اندرون ملک جانے والے آئل ٹینکرز میں لاکھوں لیٹر پیٹرولیم مصنوعات موجود ہیں۔

دوسری جانب لاہور میں دھرنوں اور احتجاج کے باعث پٹرول کی سپلائی بھی معطل ہے جس کی وجہ سے شہر میں قلت پیدا ہوگئی ہے۔

قلت کے باعث پٹرول پمپس پر لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور گاڑیوں میں ایک ہزار روپے جب کہ موٹرسائیکلوں میں صرف دو سو روپے تک پٹرول ڈالا جا رہا ہے۔

اس تمام صورت حال سے شہری سخت اذیت کا شکار ہیں جب کہ پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ تیل کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے قلت پیدا ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :