پاکستان
Time 26 نومبر ، 2017

اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے

امن و امان کی صورتحال اور دھرنوں کے پیش نظر اسلام آباد میں پیر کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیر 27 نومبر کو ایف ڈی ای کے زیر انتظام چلنے والے اسلام آباد کے 423 تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ امن و امان کی صورتحال اور جگہ جگہ جاری دھرنوں اور مظاہروں کے پیش نظر کیا گیا۔

اس کے علاوہ حکومت سندھ نے بھی پیر کے روز صوبے بھرمیں اسکول اور کالجز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ جامعہ کراچی نے بھی27 نومبر کو ہونے والے امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی کی ڈاؤ یونیورسٹی نے 27 نومبر کو ہونے والے پرچے منسوخ کردیے ہیں اور کہا ہے کہ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پنجاب میں 27 اور 28 نومبر کو اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ امن وامان کی صورتحال اور جگہ جگہ دھرنوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :