دنیا
Time 29 نومبر ، 2017

کرپشن الزام میں گرفتار سعودی شہزادہ مطعب ڈیل کے بعد رہا

ریاض: کرپشن کے الزام میں گرفتار سعودی عرب کے سابق فرماں روا شاہ عبداللہ کے صاحبزادے شہزادہ مطعب کو ایک ڈیل کے بعد رہا کردیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق سعودی حکام نے تصدیق کی ہے کہ تین ہفتے قبل کرپشن کے الزام میں گرفتار کیے گئے شہزادہ متعب بن عبداللہ کو ایک ارب ڈالر واپس کرنے کے سمجھوتے پر رہا کردیا گیا ہے۔ 

شہزادہ مطعب ان 200 اہم سیاسی و کاروباری شخصیات میں سے ایک ہیں جنہیں 4 نومبر کو نظربند کیا گیا اور حکام کی جانب سے گرفتار افراد میں سے وہ سب سے زیادہ بااثر سمجھے جانے والے شہزادے ہیں۔

64 سالہ شہزادہ مطعب سعودی عرب کے نیشنل گارڈ کے سربراہ بھی تھے جنہیں گرفتاری سے کچھ دیر قبل ہی عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

مغربی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ کرپشن کے الزام میں گرفتار مزید تین شخصیات نے ڈیل کرلی ہے تاہم ان افراد کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔

خیال رہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں بننے والی انسداد بدعنوانی کمیٹی کے حکم پر 4 نومبر کو 11 شہزادوں سمیت درجنوں سابق وزرا کو گرفتار کیا گیا تھا۔

گرفتار ہونے والوں میں معروف سعودی کاروباری شخصیت شہزادہ الولید بن طلال سمیت دیگر کئی اہم اور بااثر افراد بھی شامل تھے۔ 

سعودی عرب کے اٹارنی جنرل کے مطابق ملک میں حالیہ عشروں کے دوران ایک کھرب ڈالر کی خورد برد ہوئی ہے۔

مزید خبریں :