کاروبار
Time 30 نومبر ، 2017

پاکستان نے 2.5 ارب ڈالر کے سکوک اور یورو بانڈز جاری کردیئے

ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈز 5 سال جبکہ ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈز 10 سال کے لیے جاری کیےگئے—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے 2.5 ارب ڈالر کے سکوک اور یورو بانڈ جاری کردیے، جس کی منظوری وزیراعظم پاکستان نے دی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پاکستان کادبئی، لندن اور امریکا میں بانڈز کی نیلامی کا روڈ شو ہوا، جس میں اقتصادی معاملات پر وزیراعظم کے معاون خصوصی مفتاح اسماعیل، سیکریٹری خزانہ شاہد محمود اور گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈز 5 سال کے لیے جاری کیےگئے، جن پر منافع کی شرح 5.625 فیصدہوگی۔

دوسری جانب ایک ارب 50کروڑ ڈالر کے یورو بانڈز 10 سال کے لیے جاری کیےگئے، جن پر شرح منافع 6.875 فیصد ہوگی۔

وزارت خزانہ کے مطابق یورو اور سکوک بانڈز کے لیے 8 ارب ڈالر کی پیشکشیں موصول ہوئیں۔

اعلامیے کے مطابق کوئی پاکستانی سکوک یا یورو بانڈز میں سرمایہ کاری نہیں کرسکتا اور بانڈز پر ملنے والا منافع کسی پاکستانی اور پاکستان میں کسی کےساتھ شیئر نہیں کیاجاسکتا۔

گذشتہ روز فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک بانڈز کی نیلامی کا روڈ شو کامیاب رہا ہے، جس سے ڈیڑھ سے دو ارب ڈالر متوقع ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کے سبب ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوگا۔


مزید خبریں :