پی سی بی نے بھارت سے کرکٹ کی منسوخی پر آئی سی سی کو نوٹس بھیج دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدے کے باوجود بھارت سے سیریز نہ ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو نوٹس بھیج دیا۔

پی سی بی نے اپنے وکلا کے توسط سے آئی سی سی کو ایک نوٹس بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کے باوجود سیریز نہ کھیلنے پر پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لئے 'ڈس پیوٹ ریزرویشن کمیٹی' قائم کی جائے۔

 آئی سی سی پاک بھارت کرکٹ سیریز نہ ہونے پر تین رکنی ڈسپیوٹ پینل بنانے کا پابند ہے جو دبئی یا برطانیہ میں سماعت کرے گا جب کہ ڈسپیوٹ پینل برطانوی قوانین کے مطابق کام کرے گا۔

بھارت نے پاکستان کے ساتھ بگ تھری کے بعد جو ایم او یو سائن کیا اس کے تحت 2015 سے 2023 کے درمیان دونوں ٹیموں کے درمیان 6 سیریز ہونا تھیں، جن میں سے 4 کی میزبانی پاکستان کو دی گئی۔ 

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ہر بار سیکیورٹی خدشات اور حکومتی اجازت کا بہانہ بنا کر سیریز کھیلنے سے انکار کرتا رہا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ سیریز نہ ہونے سے اسے447 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے، اس لئے بھارتی کرکٹ بورڈ اس نقصان کی تلافی کرے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کا مؤقف ہے کہ ان کی حکومت انہیں پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہی تاہم اس حوالے سے کرکٹ بورڈ نے اب تک کوئی دستاویزات پیش نہیں کیں۔

دوسری جانب پی سی بی کی جانب سے کرکٹ سیریز کے معاہدے پر عملدرآمد کے لئے بی سی سی آئی کو نوٹسز بھی بھیجے جاچکے ہیں۔

مزید خبریں :