انضمام الحق کا بھتیجا ہونے کی وجہ سے زیادہ دباؤ ہوتا ہے، امام الحق


کراچی: نوجوان بلے باز امام الحق نے کہا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے ہونے کی وجہ سے ان پر زیادہ دباؤ ہوتا ہے تاہم اسی وجہ سے انہیں بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے کا اضافی حوصلہ ملتا ہے۔

کراچی میں جیو ڈاٹ ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے آگاہ ہیں کہ جس دن ان کی فارم خراب ہوئی لوگ ان پر دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے دوگنی تنقید اس وجہ سے کریں گے کہ وہ انضمام کے بھتیجے ہیں۔

امام الحق کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم میں قائداعظم ٹرافی میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب ہوئے تاہم اس کے باوجود ان کی سیلیکشن پر تنقید کی جارہی ہے۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا کہ وہ اپنے بلے کے ذریعے تنقید کا جواب دینے پر یقین رکھتے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے بلے باز نے کہا کہ وہ اب تک کی اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور ملک کے لیے مزید پرفارم کرناچاہتے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے اپنی اچھی کارکردگی کا کریڈٹ کوچز کو دیا۔

ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کی نمائندگی تینوں فارمیٹس میں کرنا چاہتے ہیں، یہ آسان نہیں لیکن وہ سخت محنت کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا خواب ہے کہ وہ پاکستان کے لیے وہ سب کچھ کرسکیں جو انضمام نے پاکستان کے لیے کیا۔

امام الحق نے مزید کہنا کہ انضام ایک میچ ونر تھے اور پاکستان کو کئی فتوحات سے ہمکنار کیا اور وہ بھی پاکستان کے لیے ایسی ہی کارکردگی دکھانے کے خواہشمند ہیں۔

مزید خبریں :