کامران اکمل فرسٹ کلاس کرکٹ میں 800 شکار مکمل کرنیوالے پہلے ایشین وکٹ کیپر بن گئے

ٹیسٹ وکٹ کیپر کامران اکمل نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے 800 شکار مکمل کر لئے، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے ایشین وکٹ کیپر ہیں۔

تاہم اس اعزاز کو پانے کے باوجود وکٹ کیپر کی بین الاقوامی کرکٹ میں فوری واپسی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

یاد رہے راولپنڈی میں حال ہی میں ختم ہونے والے ڈومیسٹک ٹی 20میں کامران اکمل نے لاہور وائٹس کے لئے9میچوں میں 61.71کی اوسط سے 432رنز چار نصف سنچریوں اور ایک سینچری کی مدد سے بنائے تھے.

اس عمدہ پرفارمنس کے باوجود کامران کو نہ منتخب کرنے کی وجہ ان کی عمر قرار دی جارہی ہے، وہ آئندہ ماہ 13جنوری کو اپنی 36ویں سالگرہ منائیں گے۔

کامران ویسٹ ایڈیز سیریز کے دوران سیلیکٹرز کو متاثر کرنے میں ناکام رہے تھے—اے ایف پی فائل فوٹو۔

دوسری طرف ایک رائے یہ بھی ہے کہ بطور وکٹ کیپر بیٹسمین کھیلنے والے کامران اکمل کو کپتان سرفراز احمد کی موجودگی میں فیلڈنگ کرانا ایک دشوار کام ہے۔

اس سال ’پاکستان سپر لیگ‘ میں بہترین وکٹ کیپر اور بیٹسمین منتخب ہونے والے کامران اکمل کو اس سال مئی میں دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے منتخب کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے چار ٹی 20 میچوں میں 90 اور تین ون ڈے میچوں میں 68 رنز اسکور کئے تھے۔

البتہ اس مرتبہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کامران اکمل کو دوبارہ موقع نہ دینے کے حوالے سے موقف رکھتی ہے کہ انہیں پرانے کھلاڑیوں کے مقابلے میں نئے لڑکوں کی جانب دیکھنا چاہیے۔

مزید خبریں :