ششی کپور اور امیتابھ بچن ’دو اور دو پانچ‘

—فوٹو:فائل

لیجنڈری اداکار ششی کپور اپنے کروڑوں فینز کے ساتھ اپنے دوست امیتابھ بچن کو بھی’اکیلا‘ چھوڑ گئے۔

امیتابھ جن کے تعلقات ساتھی اداکار امجد خان سے بنے نہ ہی ونود کھنہ کے ساتھ دوستی جمی، شتروگن سنہا بھی زیادہ تر امیتابھ سے ناراض ہی رہتے تھے۔

راجیش کھنہ کا توسب جانتے ہیں کہ وہ اپنے اسٹار ڈم کے خاتمے کا ذمہ دار امیتابھ بچن ہی کو مانتے تھے اسی لیے صرف دھرمیندر اور ششی کپور ایسے سپر اسٹار تھے جن کے ساتھ امیتابھ بچن کے تعلقات بہتر رہے۔

ششی کپور اپنے بھائیوں راج کپور اور شمی کپور کے ساتھ —فوٹو:ٹوئٹر اکاؤنٹ

لیکن ششی کپور اور امیتابھ نے ایک ساتھ 12 فلموں میں کام کیا جس میں سے 11 فلموں میں دونوں ہیرو کے کردار میں ساتھ آئے ہیں اور ان میں سے 7 فلموں میں دونوں بھائی بھائی اور دو فلموں میں رقیب بنے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کے والد بھی دوست تھے اور امیتابھ مانتے ہیں کہ ششی کپور نے ہمیشہ امیتابھ کو سپورٹ دی، ایک اور بات شاید جو بہت کم لوگ جانتے ہیں بالی وڈ کے سب سے بڑے خاندان پرتھوی راج کپور کے خاندان اور امیتابھ بچن کی رشتے داری بھی ہے۔ امیتابھ کی بیٹی شویتا کی شادی ششی کپور کے بڑے بھائی راج کپور کے نواسے اور رشی کپور کے بھانجے سے ہوئی ہے ۔

ششی کپور اور امیتابھ بچن سب سے پہلے منوج کمار کی فلم ’روٹی کپڑا اور مکان‘ میں ایک ساتھ نظر آئے  اور یہ فلم 1974میں ریلیز ہوئی تھی۔ منوج کمار کی فلم میں کیونکہ صرف منوج کمار ہوتے تھے اور ان کا پیغام،  تو اس فلم میں ششی کپور اور امیتابھ صرف ایک ساتھ نظر آئے لیکن ان کی کسی بھی قسم کی کیمسٹری جم نہیں سکی ۔

ایک سال بعد یش چوپڑا کی ’دیوار‘ نے سب کو چونکا دیا اور فلم میں امیتابھ اور ششی کپور دونوں بھائی بنے، امیتابھ حقیقت میں ششی کپور سے چار سال چھوٹے تھے لیکن فلم میں انھوں نے بڑے بھائی کا کردار ادا کیا۔ 

فلم ’دیوار‘ کا ایک منظر جس میں شہرہ آفاق ڈائیلاگ ’میرے پاس ماں ہے‘ بولا گیا— فوٹو:این ڈی ٹی وی

فلم میں امیتابھ کا کردار بھاری تھا اور لوگوں کو پسند بھی وہی آیا کیونکہ اس کے پاس سب کچھ ہوتا ہے لیکن آج بھی اگر فلم ’دیوار‘ کی بات ہوتی ہے تو سب سے پہلے ششی کپور کا جواب یاد آتا ہے کہ ’میرے پاس ماں ہے‘۔

اس فلم کا سب سے یادگار گانا ’کہہ دو تمہیں یا چپ رہو‘ بھی ششی کپور پر فلمایا گیا تھا۔

1975 میں یش چوپڑا کی ایک اور میوزیکل کلاسک ’کبھی کبھی‘ نے دھوم مچائی اس فلم میں امیتابھ نے جو یادگار گیت ’کبھی کبھی‘ اپنی محبوبہ راکھی کیلئے گنگناتے ہیں راکھی وہی نغمہ شادی کی رات اپنے شوہر ششی کپور کیلئے گاتی ہیں۔ 

فلم ’ایمان دھرم‘ کی شوٹنگ کے موقع پر لی گئی تصویر —فوٹو:اسکرین اسپیس

اس فلم میں امیتابھ اور ششی کپور پہلے رقیب لیکن فلم کے اینڈ میں سمدھی بن جاتے ہیں۔

’ایمان دھرم‘ 1976میں ریلیز ہوئی اور یہ دونوں سپر اسٹار کی نسبتاََ کم مشہور فلم ہے، اسی طرح دونوں کی ایک ساتھ آخری فلم ’اکیلا‘ بھی بہت کم لوگوں کو یاد ہے جو کہ  1991 میں ریلیز ہو کر ناکام ہوئی تھی۔

1978 میں ششی کپور اور امیتابھ کی ’ترشول‘ ریلیز ہوئی، اس فلم کے ہدایتکار بھی یش چوپڑا تھے  اور اس فلم میں ششی کپور اور امیتابھ دونوں سنجیو کمار کے بیٹے ہوتے ہیں لیکن دونوں کی مائیں الگ الگ ہوتی ہیں، یہ فلم باکس آفس پر بہت کامیاب ہوئی تھی۔

1979 میں من موہن ڈیسائی کی سپر ہٹ فلم ’سہاگ‘ ریلیز ہوئی اس فلم کا ٹائٹل رول امجد خان نے ادا کیا تھا اور ان کے بیٹوں کا کردار ششی کپور اور امیتابھ نے نبھایا تھا، اس فلم میں دونوں بھائی بچھڑتے ہیں اور مل کر دوست بن جاتے ہیں اور آخر میں یہ راز کھلتا ہے کہ دونوں بھائی ہوتے ہیں۔

اِسی سال دونوں سپر اسٹار کی فلم ’کالا پتھر‘ ریلیز ہوئی اس فلم میں شترو گن سنہا بھی تھے۔ اس فلم پر یش چوپڑا نے بڑا پیسہ لگایا تھا اور  یہ اپنے زمانے کی مہنگی ترین فلموں میں سے تھی لیکن فلم باکس آفس پر ناکام رہی۔ 

اس فلم میں ششی کپور پر پکچرائز ہونے والا گانا ’ایک راستہ ہے زندگی‘ غالباً ششی کپور پر پکچرائز ہونے والے گانوں میں سب سے زیادہ مقبول ہوا ہے۔

فلم ’عجوبہ‘ کے سیٹ پر امیتابھ بچن، ششی کپور اور ان کے بھتیجے رشی کپور موجود ہیں —فوٹو:ایچ ٹی

1980 میں دونوں کی کامیڈی فلم ’دو اور دو پانچ‘ ریلیز ہوئی  جو کہ زیادہ کامیاب نہیں ہوئی لیکن یہ وہ فلم ہے جس سے متاثر ہو کر سالوں بعد ’انداز اپنا اپنا‘، ’دیوانہ مستانہ‘ اور ’مجھ سے شادی کروگی‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں بنائی گئی۔

ششی کپور اور امیتابھ پھر 1980 میں ہی ’شان‘ اگلے سال ’سلسلہ‘ میں بھائی بھائی اور 1981 کی ’نمک حلال‘ میں بھائیوں جیسے دوست بنے جب کہ ’شان‘ باکس آفس پر فلاپ، ’سلسلہ‘ زیادہ چلی نہیں لیکن ’نمک حلال‘ نے سپر ہٹ بزنس کیا اور اس کے 9 سال بعد ’اکیلا‘ آئی لیکن کسی کو پسند نہیں آئی۔

ششی کپور نے اپنے فلمی کیریئر میں 100 سے زائد فلموں میں کام کیا اور بالی وڈ کے سب سے کامیاب ہدایت کار یش چوپڑا نے ششی کپورکے ساتھ سب سے زیادہ 7 فلمیں کی جن میں ’دھرم پترا‘، ’وقت‘، ’دیوار‘، ’کبھی کبھی‘، ’ترشول‘، ’کالا پتھر‘ اور ’سلسلہ‘ میں کام کیا۔

امیتابھ بچن نے یش چوپڑا کی 6 فلموں میں کام کیا تھا جن میں یہ تمام فلمیں شامل تھیں لیکن بعد میں امیتابھ نے شاہ رخ والی ’ویر زارا‘ میں یش چوپڑا کے ساتھ کم بیک کیا تھا۔

امیتابھ بچن اور ششی کپور کی فلم ’دو اور دو پانچ‘ کا  ایک منظر

باقی راجیش کھنہ، رشی کپور اور شاہ رخ خان نے بھی یش چوپڑا کے ساتھ ششی کپور کی نسبت کافی کم کام کیا جب کہ دیوار ہی وہ فلم تھی جس کا کلاسک مکاملہ ’میرے پاس ماں ہے‘ ششی کپورنے ادا کیا تھا۔

سلیم جاوید کی جوڑی نے بھی ششی کپور اور امیتابھ کی فلمی جوڑی بنانے میں اپنا کردار ادا کیا اور ’دیوار‘، ’کالا پتھر‘، ’ترشول‘ اور ’شان‘ سمیت پانچ فلموں میں دونوں کا کردار تخلیق کیا۔

ششی کپور نے بطور پروڈیوسر تو پانچ چھ فلمیں بنائی لیکن جب ڈائریکٹر کی گدی سنبھالی تو اپنے دوست امیتابھ بچن کو ہی کاسٹ کیا اور 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم ’عجوبہ‘ مہنگی فلم ہونے کے باوجود باکس آفس پر ناکام رہی۔

ششی کپور نے بطور ہیرو بالی وڈ کے مشہور بینر’آر کے فلمز‘ کی صرف ایک فلم میں کام کیا تھا اور یہ پروڈکشن ہاؤس کسی اور کا نہیں خود ششی کپور کے بڑے بھائی شومین راج کپور کا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ششی کپور کے بڑے بھائی شمی کپور نے آر کے فلمز کی ایک فلم میں بھی بطور ہیرو کام نہیں کیا۔

فلم ’دیوار‘ کا ایک منظر — فوٹو:این ڈی ٹی وی

ششی کپور کے دونوں بیٹوں اور بیٹی نے فلموں میں کام کیا لیکن وہ اس میدان میں کامیاب نہیں ہوئے، شمی کپور کے بچوں کا بھی بالی وڈ میں کوئی جادو نہیں چلا۔

راج کپورکے تینوں بیٹوں نے کامیابی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا لیکن صرف رشی کپور ہی لمبی ریس کے گھوڑے ثابت ہوئے لیکن بعد میں رندھیر کپور کی بیٹیوں کرشمہ کپور اور کرینا کپور نے کامیابی سمیٹی اور اب رشی کپور کے بیٹے رنبیر کپور اپنے خاندان کا نام کامیابی سے آگے بڑھارہے ہیں۔

مزید خبریں :