دنیا
Time 06 دسمبر ، 2017

لبنانی وزیراعظم سعد الحریری نے مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس لے لیا

 لبنانی صدر مشیل عون (دائیں) اور وزیراعظم سعد الحریری (بائیں)—۔فوٹو/رائٹرز

بیروت: لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری نے مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق لبنانی کابینہ کے ایک اجلاس کے بعد سعد الحریری نے کہا کہ وہ بطور سربراہ حکومت اپنا کام جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ سعد الحریری نے گذشتہ ماہ 4 نومبر کو سعودی عرب سے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد لبنان میں ایک سیاسی بحران پیدا ہو گیا تھا۔

سعد الحریری نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ لبنان میں ان کی جان کو خطرہ ہے اور لبنان کی تنظیم حزب اللہ کا ملک پر اثر و رسوخ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے، انہوں نے لبنان کے اندرونی معاملات پر ایران کی مداخلت پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔

تاہم لبنانی صدر مشیل عون نے ان کا استعفی قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے اس بحران کی ذمہ داری سعودی عرب پر عائد کی تھی۔

استعفیٰ دینے کے بعد اس حوالے سے بھی رپورٹس سامنے آئیں کہ سعد الحریری کو سعودی عرب میں نظربند کرلیا گیا تاہم انہوں نے ان خبروں کی تردید کردی تھی۔

بعدازاں سعد الحریری سعودی عرب سے فرانس گئے، جہاں انہیں سربراہ مملکت کا ہی پروٹوکول دیا گیا، جس کے بعد وہ اپنے ملک لبنان روانہ ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :