پاکستان
Time 06 دسمبر ، 2017

شہباز شریف ماڈل ٹاؤن کیس سے نہیں نکل سکیں گے، عمران خان

اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کی بنا پر شہبازشریف اور رانا ثنااللہ سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ عام کرنے کے عدالتی فیصلے کےخلاف پنجاب حکومت کی انٹراکورٹ اپیل مسترد کردی اور رپورٹ عام کرنے کا حکم دیا جس پر حکومت نے رپورٹ شائع کردی ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ باقر نجفی رپورٹ کے انکشافات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور وزیر قانون رانا ثنااللہ کو پاکستانی شہریوں کے قتل پر فوری مستعفی ہونا چاہیے۔


اس سے قبل ایک بیان میں چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ پڑھی ہے اس میں رانا ثناء اللہ اور شہباز شریف کی طرف اشارہ ہے، شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس سے نہیں نکل سکیں گے۔ 

عمران خان نے ایک بار پھر قبل از انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قبل ازوقت انتخابات ہماری جمہوریت کے لیے واحد حل ہے،  ٹیکنوکریٹ حکومت کی آئین پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ہے، مقررہ وقت پر انتخابات ہونے چاہیے  اور ان میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

چیرمین پی ٹی آئی نے (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد کو یکسر مسترد کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم سے انتخابی اتحاد کے بارے میں ابھی کچھ کہہ نہیں سکتے۔

جاوید ہاشمی سے متعلق عمران خان نے کہا کہ جاوید ہاشمی تحریک انصاف میں غلط آئے تھے،ان کی وہیں جگہ تھی،جب یہ شخص باغی بنا تو الیکشن جیت گیا اور داغی بنا تو الیکشن ہار گیا۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی ہے جس میں شہبازشریف اور رانا ثنااللہ سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔