پاکستانی فلموں کا معیار پہلے سے بہتر ہورہا ہے، احسن خان

احسن خان آج ’جیو پاکستان‘ کے خصوصی مہمان تھے—۔ویڈیو اسکرین گریب

اداکار احسن خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی فلموں کا معیار پہلے سے بہتر ہورہا ہے۔

احسن خان آج جیو نیوز کے مارننگ شو 'جیو پاکستان' کے مہمان تھے، اس موقع پر دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں احسن نے اپنی آنے والی فلم ’چھپن چھپائی‘ کے حوالے سے بھی بات کی جو 29 دسمبر کو ریلیز ہوگی۔

فلم  'چھپن چھپائی' پاکستانی کامیڈی فلم ہے جس میں ایکشن، رومانس اور کامیڈی ایک ساتھ دیکھنے کو ملے گی، اس فلم کی کاسٹ میں احسن خان اور نیلم منیر شامل ہیں۔

فلم کی کہانی آج کے بے روزگار نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے جو شارٹ کٹ لے کر پیسے کمانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں، فلم کا ٹریلر دیکھنے کے بعد مداحوں کو بے صبری سے فلم کے ریلیز ہونے کا انتظار ہے۔

انٹرویو کے دوران احسن خان نے بتایا کہ پاکستانی فلموں کا معیار پہلے سے بہتر ہوگیا ہے، یہاں فلمیں ٹی وی کے مقابلے میں زیادہ نہیں چلتیں، لیکن اب یہ رواج بدل رہا ہے اور سینما گھروں میں پاکستانی فلمیں بھی دیکھی جارہی ہیں جبکہ کافی اداکار بھی اب ٹی وی سے فلموں کی طرف رخ کر رہے ہیں۔

'فلم چھپن چھپائی سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا'

احسن خان نے بتایا کہ فلم 'چھپن چھپائی' نئے ٹیلنٹ کو سامنے لائے گی کیونکہ اس میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) کے ایک طالب علم نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لالی وڈ کو نئے ٹیلنٹ کی ضرورت ہے اور ہمیں چاہیے کہ نئے آنے والوں کے ساتھ ہم پورا تعاون کریں۔

'اڈاری کے بعد سافٹ کردار کی تلاش تھی'

احسن خان نے بتایا کہ 'طویل عرصہ کے بعد سلور اسکرین پر واپسی کرنے کی وجہ یہ ہے کہ میں سافٹ کردار نبھانا چاہتا تھا، ڈرامہ 'اڈاری' کی کہانی سنجیدہ اور معاشی حقیقیت پر مبنی تھی، جس میں میرا کردار بھی بے حد سنجیدہ تھا یہی وجہ ہے کہ اس کے بعد میں ایک ہلکا پھلکا اور مزاحیہ کردار کرنا چاہتا تھا اور جیسے ہی میں نے فلم 'چھپن چھپائی' کا اسکرپٹ پڑھا میں نے فوراً ہی ہاں کردی۔

'جنید جمشید اصل ہیرو ہیں'

جنید جمشید کی پہلی برسی کے موقع پر احسن نے اپنے جذبات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ 'جنید جمشید پاکستان کے اصل ہیرو ہیں، وہ پاکستان کے لیے سب سے بڑی مثال ہیں اور ان کا شمار پاکستان کے عظیم ہیرو میں ہوتا ہے'۔

احسن خان نے جنید جمشید سے اپنی آخری ملاقات کے کچھ لمحات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی آخری ملاقات ایک یتیم خانے کے دورے کے موقع پر ہوئی تھی جہاں جنید جمشید سب کے ساتھ بڑی محبت اور رحم دلی سے مل رہے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنید جمشید ہم سب کے لیے ایک آئیکون ہیں۔

مزید خبریں :