ماہرہ خان مسلسل تیسری بار پاکستان کی دلکش ترین خاتون قرار

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان مسلسل تیسرے سال پاکستان کی دلکش ترین خاتون قرار پائی ہیں۔

برطانوی میگزین کی جانب سے شائع کی گئی فہرست میں ایشیاء کی 50 پرکشش اور دلکش ترین خواتین کے نام جاری کیے گئے ہیں۔

اس فہرست میں بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑہ پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن بھی اس میں شامل ہیں۔

برطانوی میگزین نے فلم اور ٹی وی کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کو مسلسل تیسرے سال پاکستان کی دلکش ترین خاتون قراردیا ہے جبکہ میگزین نے سماجی مسائل اجاگر کرنے پر پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن کی بھی تعریف کی ہے۔

یہ جریدہ ہر سال ایشیاء سے تعلق رکھنے والے دلکش افراد خصوصاً شوبز اسٹارز کی فہرست شائع کرتاہے۔

میگزین کی جانب سے 2017 میں جاری کی گئی 50 دلکش ترین خواتین کی فہرست میں ماہرہ خان کا پانچواں نمبر ہے۔

اداکارہ ماہرہ خان کے لیے یہ سال قابل ذکر کامیابیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو رہاہے جس میں انہوں نے بالی ووڈ اسٹارشاہ رخ خان کے مقابل ہیروئن کا کردار بھی ادا کیا۔


دلکش ترین خاتون قرارپانے پر اپنے ردعمل میں پاکستانی اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اس پر بہت خوشی محسوس کررہی ہیں۔

میگزین کی جانب سے پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن کو بھی با اثرفنکار قرار دیا گیا ہے اور وہ اس فہرست میں 37 ویں نمبر پر ہیں۔

ایشیاء کی 50 دلکش ترین خواتین کی فہرست اداکارہ میں پریانکا چوپڑا پہلے، بھارتی ٹی وی اداکارہ نیا شرما دوسرے، دیپکا پڈوکون تیسرے اور عالیہ بھٹ چوتھے نمبر پر ہیں۔

مزید خبریں :