کھیل
Time 08 دسمبر ، 2017

پی سی بی کا ٹی 10 لیگ میں محدود بھارتی مداخلت کا دعویٰ غلط ثابت


پاکستان کرکٹ بورڈ کا دعویٰ ہے کہ ٹی ٹین لیگ میں بھارتی مداخلت صرف بیس فیصد ہے تاہم جیو نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق لیگ کی ملکیت ہی بھارتی بزنس مین کے نام ہیں۔

جیو نیوز کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق لیگ کے سربراہ بھارتی بزنس مین شجیع الملک ہیں۔

شارجہ حکام کی جانب سے لیگ آپریٹ کرنے کے لائسنس میں بھی شجیع الملک لیگ کے مالک کے طور پر نامزد ہیں جو متحدہ عرب امارات میں مقیم بھارتی بزنس مین ہیں اور ان کا شمار مشرق وسطیٰ میں مقیم امیر ترین بھارتیوں میں ہوتا ہے۔ ایک اور دستاویز میں اس ہی بھارتی شہری کو لیگ کا صدر بتایا گیا ہے۔

اسپانسر شپ کے حصول کیلئے بھیجی جانے والی اس دستاویز میں لیگ کے دیگر بھارتی کنیکشن کے حوالے سے بھی بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔

ان دستاویزات سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہوتا ہے کہ لیگ میں بھارتی مداخلت محدود ہے۔

اس سے قبل دی نیوز کے عثمان منصور کی رپورٹ میں ٹی ٹین لیگ میں شفافیت اور پاکستانی کرکٹرز کو ریلیز کئے جانے کے معاملات پر سوال اٹھائے گئے تھے۔

سابق کرکٹرز ظہیر عباس، محسن خان اور عامر سہیل نے بھی لیگ پر سوال اٹھائے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی بیشتر فرنچائزوں نے بھی اس لیگ کیخلاف آواز اٹھائی تھی کیوں کہ اس لیگ سے پی ایس ایل کی پراڈکٹ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

جیو نیوز نے لیگ اونر شپ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے موقف کا منتظر ہے۔ اس سے قبل دی نیوز کے عثمان منصور کی رپورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے ملکی مفاد کیخلاف قرار دے دیا تھا۔

مزید خبریں :