انیل کپور، دبنگ خان کے والد بنیں گے

فلم 'ریس 3' میں انیل کپور سلمان خان کے والد کا کردار ادا کریں گے—۔فائل فوٹو

بالی وڈ اداکار انیل کپور فلم ’ریس 3‘ میں دبنگ اداکار سلمان خان کے والد کا کردار نبھائیں گے ۔

انیل کپور وہ واحد اداکار ہیں جو فلم 'ریس'کے تینوں سیکوئل کا حصہ ہیں، اب تک فلم میں وہ ایک مزاحیہ جاسوسی کردار کرتے آئے ہیں، جسے مداح بے حد پسند کرتے ہیں۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ مڈ ڈے کی رپورٹ کے مطابق انیل کپور ’ریس 3‘ میں جاسوسی کردار نبھانے کے بجائے سلمان کے والد کا کردار ادا کریں گے ۔

رپورٹ کے مطابق ’ریس 3‘ میں والد کا کردار نبھانے کے لیے سب سے پہلے امیتابھ بچن کا انتخاب کیا گیا تھا لیکن ان کے انکار کے بعد انیل کپور کو یہ کردار دے دیا گیا ہے۔

فلم ساز رمیش ترانی کا کہنا ہے کہ  انیل کپور ریس 3 میں گھر کے سربراہ کا کردار نبھائیں گے اور یہ ایسا کردار ہے جو انہوں نے پہلے نہیں کیا ہے۔

علاوہ ازیں سلمان خان نے بھی اپنی ایک ٹوئیٹ میں فلم ساز رمیش ترانی اور انیل کپور کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا کہ ’ان کے آنے سے ریس 3 کی کاسٹ مزید شاندار ہوگئی ہے‘۔


'ریس 3' کی ہدایات ریمو ڈسوزا دے رہے ہیں جب کہ فلم 'ریس' اور 'ریس 2'کے ہدایت کار عباس مستان تھے۔

فلم کی کاسٹ میں سلمان خان اور انیل کپور سمیت بوبی دیول، جیکولین فرنینڈز اور ڈیزی شاہ شامل ہیں۔

مزید خبریں :