چھوٹے بجٹ کی فلم ’فکرے‘ کامیڈی فلموں کی کامیاب فرنچائز بن گئی

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر

بالی وڈ اداکار اجے دیوگن کی ’گول مال‘، اکشے کی ’ہاؤس فل‘، ’دھمال‘ اور ’جڑواں‘ کے بعد نوجوان اداکاروں کی چھوٹے بجٹ کی فلم ’فکرے‘ بھی کامیاب کامیڈی فرنچائز بن گئی۔

فلم ’فکرے‘ 2013 میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی جس میں کوئی بھی نامی گرامی اداکار نہیں تھا لیکن اس کے باوجود بھی فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی تھی۔

فلم کی کاسٹ میں پلکٹ سمراٹ، ورون شرما، منجوت سنگھ، علی فضل اور رچا چڈا شامل ہیں جب کہ فلم کے سیکوئل ’فکرے ریٹرن‘ میں بھی کاسٹ وہی رکھی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے سیکوئل کا بجٹ 30 کروڑ ہے لیکن فلم نے ریلیز کے پہلے روز بھارت میں 8 کروڑ 10 لاکھ کا بزنس کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔

فلم بھارت میں 1500 سے زائد اسکرینوں پر نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

فلمی پنڈتوں نے بھی پہلے روز کی حیران کن کمائی کے بعد فلم کے سپر ہٹ ہونے کی پیش گوئی کردی ہے جس کے بعد یہ کہنا مشکل نہیں ہے کہ فلم نامی گرامی اداکار اجے دیوگن کی ’گول مال‘، اکشے کی ’ہاؤس فل‘، ’دھمال‘ اور ’جڑواں‘ کے بعد ایک اور کامیاب فرنچائز بن چکی ہے۔

مزید خبریں :