دنیا
Time 10 دسمبر ، 2017

ایران نے سعودی عرب سے تعلقات کی بحالی کیلئے 2 شرائط رکھ دیں

تہران: ایران نے سعودی عرب سے تعلقات کی بحالی پر مشروط آمادگی ظاہر کردی ہے اور کہا ہے کہ اگر سعودی عرب اس کی دو شرطیں مان لے تو تعلقات معمول پر آسکتے ہیں۔

سعودی عرب نے 2016 کے اوئل میں تہران میں مظاہرین کی جانب سے سعودی سفارت خانے پر حملے کے بعد ایران سے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے جس کے بعد سے اب تک دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بحال نہیں ہوئے ہیں۔

اب ایرانی صدر نے سعودی عرب سے تعلقات کی بحالی کے لیے مشروط آمادگی ظاہر کردی ہے۔

پارلیمنٹ سے خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ اگر سعودی عرب یمن میں بمباری روکنے اور اسرائیل کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات ختم کرنے کے لیے تیار ہے تو ایران بھی سعودی عرب سے اپنے تعلقات بحال کرنے کے لیے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر سعودی عرب ان شرائط پر عمل کرلیتا ہے ایران کے پاس تعلقات بحال نہ کرنے کی کوئی وجہ باقی نہیں رہتی کیوں کہ ایران امریکا کی طرح وعدہ خلاف نہیں جس نے جوہری معاہدے کے حوالے سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔

امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے معاملے پر ایرانی صدر نے کہا کہ القدس کے معاملے پر امریکا اور صیہونی سازشیں کامیاب نہیں ہو سکتیں، القدس کو آزاد کرا کر رہیں گے۔


مزید خبریں :