کاروبار
Time 10 دسمبر ، 2017

’’ایک خطہ ایک سڑک“ منصوبے میں شامل ممالک پر خصوصی توجہ ہے، چین

شنگھائی: چین کے اولین فری ٹریڈ زون شنگھائی (پائلٹ) فری ٹریڈ زون ایڈمنسٹریشن کے بیورو آف ایکسٹرنل کمیونیکیشن کے ڈائریکٹر جنرل وانگ ینگ نے کہا ہے کہ چین کیلئے ”ایک خطہ ایک سڑک“ منصوبہ بہت اہم ہے۔

وانگ ینگ نے پاکستانی صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شنگھائی فری ٹریڈ زون کی طرف سے اس شاندار منصوبہ پر خصوصی توجہ مرکوز ہے، پاکستان کی کاروباری برادری اور سرمایہ کار فری ٹریڈ کے تحت دستیاب سہولیات سے استفادہ کرکے دوطرفہ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔

اس ضمن میں پاکستان کے ذرائع ابلاغ آگاہی فراہم کر کے کاروباری روابط کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار چین کے دورے پر موجود پاکستانی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے شنگھائی پائلٹ فری ٹریڈ زون کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

2013ءمیں قائم ہونے والا یہ اولین فری ٹریڈ زون ہے جو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بحیرہ ایسٹ چائنا کی پٹی پر 120 کلو میٹر سے زائد رقبہ پر محیط ہے۔

شنگھائی پائلٹ فری ٹریڈ زون کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ون ونڈو آپریشن کے تحت کاروباری لاگت کو کم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بالخصوص ”ایک خطہ ایک سڑک“ منصوبے میں شامل ممالک پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے، پاکستان اور چین کے درمیان گہرے دوستانہ اور مضبوط معاشی تعلقات استوار ہیں اور پاکستان کی کاروباری برادری فری ٹریڈ کے ذریعے دستیاب سہولیات اور مواقع سے استفادہ کر کے اپنی مصنوعات کو متعارف اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ دے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہیں گے کہ پاکستانی مصنوعات کے فروغ کیلئے مستقبل قریب میں یہاں پویلین قائم ہو اور ہم پاکستانی برادری کو اس ضمن میں دورے کی دعوت بھی دیں گے۔

مزید خبریں :