دلیپ کمار 95 برس کے ہوگئے

دلیپ کمار—۔فائل فوٹو/اے ایف پی

برصغیر کے لیجنڈ اداکار اور ٹریجڈی کنگ دلیپ کمار آج 95 برس کے ہوگئے۔

دلیپ کمار کی سالگرہ پر مداحوں اور فلم اسٹارز نے انہیں مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تاہم بیماری کی وجہ سے دلیپ کمار کی سالگرہ سادگی سے منائی جائے گی۔

دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے گذشتہ روز ان کی ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا، 'جب میں نے انہیں بتایا کہ لاکھوں لوگ آپ کے لیے دعا کرتے ہیں تو وہ مسکرا دیئے'۔


















لیجنڈری اداکار کے لیے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سائرہ بانو نے بتایا کہ دلیپ کمار کی سالگرہ پر ان کے بہن بھائی، رشتے دار اور قریبی دوست شریک ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال دلیپ کمار کی سالگرہ پر ان کے گھر کے دروازے ہر ایک کے لیے کھلے ہوتے ہیں، لیکن اس مرتبہ چونکہ وہ نمونیا کا شکار ہیں لہذا انفیکشن سے بچنے کے لیے ڈاکٹروں نے انہیں احتیاط کرنے کو کہا ہے۔






 دلیپ کمار 11 دسمبر 1922ء کو پشاور کے ایک قدیمی محلہ خداداد میں پیدا ہوئے۔ ان کا بچپن اسی شہر کی گلیوں میں گزرا۔

تاریخی قصہ خوانی بازار سے متصل محلہ خداداد کی گلیوں میں آج بھی دلیپ کمار کو ان کے اصل نام یوسف خان سے یاد کیا جاتا ہے۔

دلیپ کمار کو پشاور کا قہوا بہت پسند تھا اور پشاور میں ان کے مداح دلیپ کمار کی ہر سالگرہ بڑی چاہت سے مناتے ہیں۔

فلم 'جوار بھاٹا' سے فنی سفر کا آغاز کرنے والے دلیپ کمار نے 'انداز'، 'مغل اعظم'، 'نورجہاں' اور 'کرانتی' جیسی فلموں میں یادگار اداکاری کی، جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ 

مزید خبریں :