دنیا
Time 11 دسمبر ، 2017

نیویارک: امریکا کے سب سے بڑے بس ٹرمینل پر دھماکا، 4 افراد زخمی

فوٹو: اے ایف پی

نیو یارک کے اہم ترین علاقے مین ہیٹن میں بس ٹرمینل پر ہونے والے دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق مین ہیٹن میں ہونے والا دھماکا بس ٹرمینل پورٹ اتھارٹی میں ہوا۔ دھماکے کے بعد ٹرمینل پر بھگڈر مچ گئی اور چند افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ملیں۔

فوٹو: اے ایف پی

دوسری جانب نیو یارک پولیس نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

نیو یارک پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ بس ٹرمینل کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ حملہ آور کی شناخت 27 سالہ بنگلا دیشی شہری عقائداللہ کے نام سے ہوئی ہے تاہم اس کے مقاصد کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔

نیویارک شہر کے میئر بل ڈی بلیسیو کا کہنا ہے کہ حملے میں 4 افراز زخمی ہوئے اور خوش قسمتی کی بات ہے کہ حملہ آور اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوا۔

پولیس کمشنر جیمز او نیل نے بتایا کہ بنگلا دیش سے تعلق رکھنے والے ملزم نے دیسی ساختہ دھماکا خیز ڈیوائس جسم کے ساتھ باندھ رکھی تھی، جس کے ذریعے اُس نے دھماکا کیا۔

نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے کہا کہ جب صبح بس ٹرمینل پر ہونے والے دھماکے کی خبر سنی تو یہ ڈراؤنا خواب معلوم ہوا لیکن حقیقت ہمارے خوف اور ابتدائی توقعات سے بہت بہتر ہے۔

قبل ازیں دھماکے کے فوری بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا  اور بس ٹرمینل کی تین لائنوں کو خالی کرا لیا گیا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بس ٹرمینل پر ہونے والے دھماکے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

مین ہیٹن بس ٹرمینل کا شمار امریکا کے سب سے بڑے بس ٹرمینل میں ہوتا ہے اور ایک اندازے کے مطابق اس ٹرمینل سے سالانہ ساڑھے 6 کروڑ افراد سفر کرتے ہیں۔

مزید خبریں :