دنیا
Time 11 دسمبر ، 2017

راہول گاندھی بلامقابلہ کانگریس پارٹی کے صدر منتخب

راہول گاندھی اپنی والدہ سونیا گاندھی کے ہمراہ — فوٹو : فائل

نئی دہلی: بھارت کی اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس نے راہول گاندھی کو پارٹی کا نیا سربراہ منتخب کرلیا۔

کانگریس کے سینیئر رہنما ملاپالے راما چندرن نے کہا کہ 47 سالہ راہول گاندھی پارٹی صدارت کے امیدوار تھے اور ان کے مقابلے میں کوئی بھی رکن کھڑا نہیں ہوا جس کے بعد وہ بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے۔

نئی دہلی میں کانگریس کے ہیڈکوارٹرز کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’میں راہول گاندھی کے انڈین نیشنل کانگریس کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کا اعلان کرتا ہوں، یہ ایک تاریخی موقع ہے‘‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل راہول گاندھی کی والدہ سونیا گاندھی پارٹی کی صدر تھیں اور ان کے پاس یہ عہدہ گزشتہ دو دہائیوں سے موجود تھا۔ کافی عرصے سے یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ راہول گاندھی کو پارٹی کی باگ ڈور سونپ دی جائے گی۔

راہول گاندھی کے والد، دادی اور پر دادا سب ہی وزیراعظم رہ چکے ہیں اور وہ 2013 سے کانگریس کے نائب صدر تھے جبکہ 2014 کے عام انتخابات میں پارٹی کی انتخابی مہم انہوں نے ہی چلائی تھی اور اس انتخابات میں کانگریس کو بدترین شکست ہوئی تھی۔

راہول گاندھی ہفتے کے روز حلف اٹھانے کے بعد باضابطہ طور پر پارٹی کی صدارت سنبھال لیں گے۔