کھیل
Time 11 دسمبر ، 2017

افغانستان اپنا اولین ٹیسٹ میچ بھارت کیخلاف کھیلے گا

نئی دہلی: افغانستان کی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ کی تاریخ میں اپنا اولین میچ بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

اس بات کا اعلان دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے اعلیٰ عہدے داروں نے کیا جبکہ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ یہ میچ 2018 کے اوائل میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے رواں برس جون میں آئرلینڈ اور افغانستان کو ٹیسٹ ممالک کا درجہ دیا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے کہا کہ ’’افغان کرکٹ ٹیم کو اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا تھا لیکن بھارت اور افغانستان کے درمیان تاریخی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے فیصلہ کیا کہ افغانستان کے پہلے ٹیسٹ میچ کی میزبانی ہم کریں گے‘‘۔

خیال رہے کہ 2019 سے 2023 تک بھارت اپنی سرزمین پر 81 میچز کھیلے گا لیکن بی سی سی آئی کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کب ہوگا جس کے بعد یہ امکان ہے کہ میچ آئندہ برس کے اوائل میں ہوگا۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عاطف مشعل نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ میچ کی تاریخ اور مقام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

مزید خبریں :