پاکستان
Time 12 دسمبر ، 2017

ملک بھر میں سردی: کراچی میں کل سے سائبیریا کی ہوائیں چلنے کا امکان

آج کراچی میں کم سےکم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا—۔فائل فوٹو 

کراچی: ایک طرف ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، وہیں محکمہ موسمیات نے کل سےکراچی میں سائبیریا کی سرد ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے باعث شہر میں ہفتے تک سردی کی لہر جاری رہے گی۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں کم سےکم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر میں ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹے میں شہر میں موسم خشک اور رات میں سرد رہنےکا امکان ہے۔

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں بارش، برفباری جاری

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور برفباری کے باعث وادی نیلم کے علاقے شاردہ کیل تاؤبٹ کا زمینی رابطہ منتقطع ہوگیا ہے۔

دوسری جانب نکیال و گردونواح میں گزشتہ 24 گھنٹے سے جاری بارش کے باعث گزشتہ 15 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

اُدھر گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بھی نانگاپربت، پٹوگا اور بابوسرٹاپ پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چلاس شہر اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہورہی ہے۔

پنجاب میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ

پنجاب میں پاک پتن، گوجرہ اور کمالیہ میں دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں آج کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

لاہور اور گردونواح میں بھی مطلع ابر آلود اور موسم سرد ہوگیا ہے جبکہ آج بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 8 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر میں زیادہ سے زیادرہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔


مزید خبریں :