8 کلو میٹر سفر کے 18 ہزار ڈالر، اوبر صارف سٹپٹا گیا

کینیڈا میں اوبر صارف نے 8 کلو میٹر سفر کیا جس کے چارجز اسے 18 ہزار 518 ڈالر ادا کرنا پڑے جو پاکستانی روپوں میں تقریباً 20 لاکھ روپے بنتے ہیں۔

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اوبر صارف نے وڈمر اسٹریٹ سے کوئنزوے تک سفر کیا جو تقریبا 7.7 کلو میٹر راستہ بنتا ہے اور صارف 21 منٹ تک گاڑی میں سوار ہوا اور جب کرائے کی ادئیگی کا وقت آیا تو مسافر سٹپٹا گیا۔

مسافر نے جتنا سفر کیا اس کا کرایہ عموماً 12 سے 16 ڈالر بنتا ہے لیکن آج کی ڈرائیو کے دوران اسے 18 ہزار 518 ڈالر کی ادائیگی کرنا پڑی۔

متاثرہ مسافر کے قریبی دوست نے اوبر کے بل کا اسکرین شاٹ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا اور کہا کہ ان کے دوست نے 20 منٹ کے سفر کے 18 ہزار ڈالر کرایہ ادا کیا، یہ کیا دنیا ہے اور یہ کیا پاگل پن ہے۔

دوسری جانب اوبر کے ترجمان نے اعتراف کیا کہ یہ ایک غلطی ہے جسے حل کرلیا گیا ہے جب کہ متاثرہ مسافر کی رقم کا ازالہ کردیا گیا ہے۔

اوبر ترجمان نے کہا کہ ہم نے مسافر سے معذرت کی اور اسے مکمل ادائیگی کردی ہے جب کہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے کام کیا جارہا ہے۔

مسافر سے زائد رقم لئے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل امریکی شہر ملواکی میں رواں سال جولائی میں ایک جوڑے کو 898 ڈالر کی ادائیگی کرنا پڑی تھی جب کہ ان کا حقیقی بل 214 ڈالر کا بنا تھا۔

اسی طرح ممبئی میں 300 میٹر سفر کرنے پر ایک مسافر کو 149 روپے ادا کرنا پڑے تھے تاہم ایسا یکم اپریل (اپریل فول) کے روز صارف کے ساتھ ہوا اور اسے کرایہ ادا کرنا پڑا۔

مزید خبریں :