پاکستان
Time 12 دسمبر ، 2017

شمالی وزیرستان: دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید


شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے پاک فوج کی گاڑی پر حملہ کردیا اور فائرنگ کے نتیجے میں سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید سمیت 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت شہید ہوگئے۔ 

شہدا کی فائل فوٹو

آئی ایس پی آر کے مطابق 21 سال کے سکینڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کا تعلق بوریوالہ ضلع وہاڑی سے ہے اور انہوں نے حال ہی میں پی ایم  اے کورس پاس کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے 21 سالہ دوسرے جوان سپاہی بشارت کا تعلق گلگت کے گاؤں دینور سے ہے۔

وزیراعظم کی تعزیت

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے  شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت اور شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور کو شکست دی ہے، دشمن عناصر کے خلاف بہادر افواج کے کردار کو قوم بھلا نہیں سکتی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا نیٹ ورک تباہ کردیا اور یہ جنگ جیت لی اور اب اس ناسور کا جلد خاتمہ ہوگا۔

آرمی چیف کا شہداء کو سلام

سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ آزادی مفت میں نہیں ملتی، اس کی قیمت دھرتی کے بیٹے ادا کرتے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے 2 جوانوں کی شہادت پر آرمی چیف نے شہدا کو سلام پیش کیا۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے بذریعہ ٹوئٹ آرمی چیف کا بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ آج ہم جو آزاد ہیں وہ اپنے بہادر بیٹوں کی وجہ سے ہیں، آزادی مفت میں نہیں ملتی اس کی قیمت دھرتی کے بیٹے ادا کرتے ہیں۔

شہدا پاکستانی قوم کا فخر و غرور ہیں، نواز شریف

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف نے بھی لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ہمارے قابل فخر سپوت اور قوم کا فخر و غرور ہیں، پوری قوم شہدا کے ورثا کی مقروض رہے گی۔

نواز شریف نے کہا کہ معید اور بشارت کی شہادت اس امر کا ثبوت ہے کہ ہمارے افسر اور جوان شہادت میں ایک دوسرے پر بازی لے جاتے ہیں۔ انہوں نے شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔


شہید کی والدہ کی گفتگو

سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کی والدہ نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، بیٹا بہترین اور معزز پیشے میں آیا اور اس نے خود بھی عزت کمائی اور ہمیں بھی عزت دی۔


مزید خبریں :