پاکستان
Time 12 دسمبر ، 2017

’سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا کام نہ ہوا تو الیکشن التوا کرنے کی سازش کامیاب ہوجائے گی‘

کراچی میں جو افراد جرائم میں ملوث ہیں ان کے خلاف قانون کےمطابق کارروائی ہوگی، وزیر داخلہ، اسکرین گریب/ جیونیوز

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہےکہ  اگر سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا کام نہیں ہوا تو الیکشن کو التوا کرنے کی سازش کامیاب ہوجائے گی۔

کراچی میں میڈیا سے سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ 2013 کا پاکستان نہیں، بجلی بحران اور دہشتگردی کی کمر توڑ دی گئی ہے، کراچی میں بھتاخوری اور ٹارگٹ کلنگ ختم کر دی گئی ہے، شہر میں کھیل کےمیدان بھی آباد ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو پرامن اور ملک کا اقتصادی انجن بنانا چاہیے، جمہوری قوتیں پاکستانی کی ترقی کے لیے کام کریں، ترقی کےدشمن پاکستان میں سیاسی عدم استحکام چاہتے ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں جو افراد جرائم میں ملوث ہیں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، مطلوب افراد کی حوالگی کے لیے ممالک سے رابطہ میں ہوتے ہیں، امید ہے تمام ادارے تعاون کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ الیکش کمیشن کو حلقہ بندیوں کے کام کے لیے 5 سے 6 ماہ درکار ہیں، اگر سینیٹ سے حلقہ بندیوں کا کام نہیں ہوا تو الیکشن کو التوا کرنے کی سازش کامیاب ہوجائے گی اور عوام یہ کہنے میں حق بجانب ہوں گے کہ سیاسی جماعتیں الیکشن کے التو اور طویل دورانیے کے نگران سیٹ اپ کا آلہ کار بن رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں جو پیپلز پارٹی ہے کیا وہ سینیٹ سے مختلف؟ کیا پی ٹی آئی بھی مختلف ہے، اگر قومی اسمبلی میں ان تمام جماعتوں نے مردم شماری کے قانون کو اتفاق رائے سے پاس کیا تو سینیٹ میں کیا ہچکچاہٹ ہے۔

مزید خبریں :